بنگلورو: آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے لیگ میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف سلو اوور ریٹ کے لیے پاکستان پر ان کی میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔ آئی سی سی ایلیٹ پینل آف میچ ریفری رچی رچرڈسن نے مقررہ وقت میں دو اوور کم پھینکے جانے کی وجہ سے بابر اعظم کی ٹیم پر یہ جرمانہ عائد کیا۔ اتوار کو آئی سی سی کی میڈیا ریلیز میں کہا گیا کہ آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.22 کے مطابق کم از کم اوور ریٹ کے جرائم سے متعلق پلیئرز اور پلیئر سپورٹ پرسنل ٹیم پر ہر ایک کم اوور کے لئے ان کی میچ فیس کا پانچ فیصد جرمانہ عائد کرتا ہے اور پاکستان نے مقررہ وقت میں دو اوور کم ڈالے تھے۔
بابر اعظم نے غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے مجوزہ سزا کو قبول کر لیا، اس لیے رسمی سماعت کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔ آن فیلڈ امپائر پال ولسن اور رچرڈ کیٹلبرو، تھرڈ امپائر رچرڈ ایلنگ ورتھ اور چوتھے امپائر جوئل ولسن نے پاکستان کے خلاف سلو اوور ریٹ کا الزام عائد کیا تھا۔واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2023 کا 36 واں میچ ہفتہ کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا گیا۔ پاکستان نے یہ میچ ڈک ورتھ لوئس اصول کے تحت 21 رنز سے جیت لیا تھا۔