لکھنؤ:ریاست اترپردیش کے لکھنؤ میں واقع ایکانا اسٹیڈیم میں آئی سی سی منز ورلڈ کپ کے 34 ویں میچ میں افغانستان اور نیدر لینڈس کی ٹیمیں نبرد آزما ہیں۔ دونوں ٹیموں نے رواں ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ورلڈ کپ میچ کے آغاز سے قبل دونوں ٹیموں کو ہلکے سے لیا جا رہا تھا لیکن افغانستان نے انگلینڈ، سری لنکا اور پاکستان کو شکست دے کر اپنی برتری ثابت کر دی ہے جب کہ نیدرلینڈز نے جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے خلاف فتح کا مزہ چکھ لیا ہے۔
افغانستان کوسیمی فائنل کی دوڑ میں برقرار رہنے کے لیے کل کا میچ ہر قیمت پر جیتنا ہوگا۔ کپتان حشمت اللہ اور ان کی ٹیم اچھی طرح جانتی ہے کہ ان کے پاس نیدرلینڈ کو ہرانے کی تمام خوبیاں موجود ہیں لیکن وہ نیدرلینڈ کو ہلکے میں لینے کا خطرہ مول نہیں لینا چاہے گی۔ افغانستان کی جیت یا ہار پاکستان پر اثرانداز ہونا یقینی ہے۔ افغانستان کی شکست سے پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں زندہ رہیں گی۔