ممبئی: وراٹ کوہلی کی 117 رن کی ریکارڈ سنچری اور شریس ایر کی 105 رن کی شاندار سنچری کی بدولت بھارت نے آئی سی سی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں چار وکٹ پر 397 رن کا بڑا اسکور بنایا۔ 398 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے نیوزی لنیڈ کی ٹیم 333 رنز ہی بنا سکی جس کی وجہ سے بھارت نے اس میچ کو 70 رنز سے جیت لیا ہے۔ جس کے ساتھ ہی بھارت ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں پہنچ گیا ہے۔ فائنل میچ 19 نومبر کو احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیرل مچل 135 رنز، کپتان کین ولیمسن 69 اور فلپس 41 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ وہیں بھارت کی طرف سے محمد شامی نے 7 وکٹ لے کر سب سے کامیاب گیندباز رہے جبکہ بمراہ، کلدیپ اور سراج کو ایک ایک وکٹ ملا۔ محمد شامی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس سے قبل وانکھیڑے اسٹیڈیم میں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ روہت شرما اور شبھمن گل کی اوپننگ جوڑی نے پہلی وکٹ کے لیے 71 رن کی پارٹنرشپ کرکے بھارت کو مضبوط آغاز دیا۔ بھارت کی پہلی وکٹ آٹھویں اوور میں روہت شرما کی صورت میں گری جو 29 گیندوں میں 47 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ وہ ساؤتھی کی گیند پر سی ولیمسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔