انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اگلے سال آسٹریلیا میں ہونے والے مردوں کے ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے لیے سات میزبان شہروں کا اعلان کر دیا ہے۔
آئی سی سی نے منگل کے روز ایک پریس ریلیز میں کہا کہ اگلے سال 16 اکتوبر سے 13 نومبر تک ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے کل 45 میچز ایڈیلیڈ، برسبین، جیلانگ، ہوبارٹ، میلبورن، پرتھ اور سڈنی میں ہوں گے۔
ورلڈ کپ کا فائنل 13 نومبر 2022 کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں ہوگا، جب کہ سیمی فائنل میچ بالترتیب 9 اور 10 نومبر کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ اور ایڈیلیڈ اوول میں ہوں گے۔
اس کے علاوہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کی چیمپئن آسٹریلیا اور رنراپ نیوزی لینڈ سمیت افغانستان، بنگلہ دیش، انگلینڈ، ہندوستان، پاکستان اور جنوبی افریقہ اعلیٰ رینکنگ والی ٹیموں کے طور پر ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ 2022 کے سپر 12 مرحلہ میں براہ راست داخلہ حاصل کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:آئی سی سی کی ٹی 20 ٹیم کا اعلان، بابراعظم کو ٹیم کا کپتان بنایا گیا
وہیں نامیبیا، اسکاٹ لینڈ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز راؤنڈ ایک میں کھیلیں گے، جبکہ باقی چار ٹیموں کے لیے جگہ دو جاری کوالیفکیشن ٹورنامنٹس کے ذریعے پُر ہوں گی، جس کا اختتام بالترتیب یکم فروری کو عمان اور جون جولائی میں زمبابوے میں ہوگا۔
آئی سی سی کے ایونٹس سربراہ کرس ٹیٹلی نے کہا، 'ہم آسٹریلیا میں آئی سی سی ٹورنامنٹس کی واپسی کو دیکھنے کے منتظر ہیں اور آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کے لیے سات میزبان شہروں کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ 2020 میں آئی سی سی خواتین کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی کامیابی اور دو سال کے التوا کے بعد، اب ہم مقامی آرگنائزنگ کمیٹی کے ساتھ مل کر 2022 کے لیے ایونٹ کی منصوبہ بندی پر پوری توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔