دوبئی: ہندوستان اور پاکستان کے درمیان احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کی تاریخ کو 15 اکتوبر سے بدل کر 14 اکتوبر کر دیا گیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بدھ کو اس کی تصدیق کی۔
پاک وہند میچ کی ری شیڈولنگ کے باعث 14 اکتوبر کو دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ہونے والا میچ اب 15 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق احمد آباد پولیس نے حال ہی میں ورلڈ کپ کے منتظمین کو مطلع کیا کہ 15 اکتوبر کو ہندوؤں کے مقدس تہوار نوراتری کا پہلا دن ہے، جس کی وجہ سے وہ میچ کے لیے سیکیورٹی فراہم نہیں کر سکیں گے۔
احمد آباد پولیس کی طرح کولکتہ پولیس نے بھی سیکورٹی کا حوالہ دیتے ہوئے کالی پوجا کے دن 12 نومبر کو ایڈن گارڈن میں میچ منعقد نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے منتظمین نے پاکستان بمقابلہ انگلینڈ میچ 12 نومبر کی بجائے 11 نومبر کو کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ آسٹریلیا اور بنگلہ دیش (پونے، صبح 10:30 بجے) بھی 12 نومبر کے بجائے 11 نومبر کو مقابلہ کریں گے۔
دریں اثنا، نیدرلینڈ کے خلاف ہندوستان کا آخری لیگ میچ اب 11 سے 12 نومبر کو بنگلورو کے چناسوامی اسٹیڈیم میں منتقل کردیا گیا ہے۔