ممبئی: گجرات ٹائٹنز نے اتوار کو اپنے کپتان ہاردک پانڈیا کو ریٹین لسٹ میں ڈال دیا تھا جس کے بعد ہاردک کے ممبئی میں واپسی کی قیاس آرائیاں ختم ہوگئی تھیں، لیکن اسی دوران پھر یہ خبر گردش کرنے لگی کی کاغذی کاروائی میں تاخیر ہونے کی وجہ سے ہاردک کو گجرات نے ریٹین لسٹ میں ڈال دیا ہے۔ لیکن جیسے ہی ممبئی اور گجرات کے درمیان یہ ڈیل مکمل ہوگئی ویسے ہی ہاردک ممبئی میں دوبارہ واپس چلے گئے۔
واضح رہے کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی 'ریٹینشن ونڈو' (کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کا وقت) اتوار کی شام 5 بجے بند کر دیا گیا تھا اور اس وقت گجرات ٹائٹنز نے اپنے آئی پی ایل کے فاتح کپتان کا نام ریٹین فہرست میں شامل کیا تھا جس کی وجہ سے سب حیران تھے۔
ذرائع کے مطابق ہاردک کا ٹریڈ اتوار کے روز شام 5 بجے کے بعد مکمل ہوا ہے۔ معاہدے کو اب باقاعدہ شکل بھی دے دی گئی ہے جس کی وجہ سے ہاردک اب ممبئی انڈینز میں واپس چلے گئے ہیں۔ ہاردک مکمل طور پر نقد ڈیل کے ذریعے ممبئی میں گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ممبئی نے اپنے آل راؤنڈر کیمرون گرین کو آر سی بی کے ساتھ نقد سودے میں تجارت کیا ہے۔ کیمرون گرین کو ممبئی نے گزشتہ دسمبر میں نیلامی میں ₹17,50,00,000 میں خریدا تھا۔ نقد ڈیل کا مطلب یہ ہے کہ دونوں تجارت موجودہ کھلاڑیوں کی فیس کے مطابق کی گئی ہے۔
ہاردک پانڈیا کے ممبئی میں واپسی کے بعد اب گجرات ٹائٹنز کی کپتانی شبمن گل کو سونپ دی گئی ہے۔آل راؤنڈرہاردک نے گجرات کے ساتھ دو اہم سال گزارے اور 2022 میں گجرات کے ڈیبیو سیزن میں ٹائٹل بھی دلایا اور 2023 میں ایک سنسنی خیز فائنل میں آخری گیند پر شکست کے بعد گجرات رنر اپ رہی۔