حیدرآباد: کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے سیمی فائنل کے لیے چار ٹیموں کا فیصلہ ہو چکا ہے اور اب یہ ٹیمیں ورلڈ چیمپئن بننے کے لیے آمنے سامنے ہوں گی۔ بھارت کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا تو جنوبی افریقہ آسٹریلیا سے مدمقابل ہوگی۔ اس ورلڈ کپ میں بھارت کی کارکردگی شاندار رہی ہے کیونکہ بھارت ٹورنامنٹ میں واحد ٹیم ہے جو ابھی تک ناقابل شکست ہے۔ بھارت نے ایک بہترین ریکارڈ کے ساتھ سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔ اب سیمی فائنل میں اس کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔ گزشتہ ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو سیمی فائنل میں شکست دے کر اس کے ٹائٹل جیتنے کا خواب چکنا چور کر دیا تھا اور اب بھارت کے پاس سنہری موقع ہے کہ وہ اس ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر اس کے خواب کو چکناچور کرے۔
بھارت کے سابق تجربہ کار کھلاڑی فاروق انجینئر نے ٹیم انڈیا کی کارکردگی کے متعلق ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک چیمپئن ٹیم ہے۔ میزبان ملک کے طور پر ٹیم انڈیا کی کارکردگی اب تک شاندار رہی ہے اور ہم ورلڈ کپ کی بہترین ٹیم ہیں۔ یہ انڈین ٹیموں میں سے اب تک کی مضبوط ترین ٹیم ہے کیونکہ یہ ٹیم ہر شعبے میں متوازن نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم نے فیلڈنگ کے شعبے میں زبردست بہتری کی ہے۔ بھارت کے پہلے میچ کے بعد میں نے اپنے دوستوں سے کہا کہ یہ ٹیم چیمپئن ہے اور بھارتی ٹیم عالمی چیمپئن کے خطاب کا سب سے مضبوط دعویدار ہے۔
بھارتی ٹیم کے ناکام ہونے کی کوئی وجہ نہیں ہے: واضح رہے کہ بھارت 2015 اور 2019 کے ورلڈ کپ کے لیگ میچوں میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد سیمی فائنل کی رکاوٹ عبور نہ کر سکی تھی۔ فاروق انجینیئر کے مطابق بھارت کے اس ورلڈ کپ کی مہم پچھلی مہم سے مختلف ہے۔ ٹیم انڈیا کی بلے بازی اور گیند بازی میں اتنی گہرائی پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی اس وجہ سے مجھے اس ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کے ناکام ہونے کی کوئی وجہ نظر نہیں آرہی ہے۔