سڈنی: سابق آسٹریلوی تیز گیند باز جیسن گلیسپی نے انڈین پریمیئر لیگ کی نیلامی میں پیٹ کمنز کو دی جانے والی بڑی رقم پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس تیز گیندباز کے لیے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ بہترین فارمیٹ نہیں ہے۔ لیکن انہوں نے مچل اسٹارک کو 24.75 کروڑ روپے میں فروخت ہونے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
منگل کو دبئی میں منعقدہ آئی پی ایل نیلامی 2024 میں ممبئی انڈینز، رائل چیلنجرز بنگلور، چنئی سپر کنگز اور سن رائزرز حیدرآباد کے درمیان بولی کی جنگ کے بعد پیٹ کمنز کو آئی پی ایل کی تاریخ میں دوسری سب سے بڑی رقم میں فروخت کیا گیا۔ سن رائزرس حیدرآباد نے آسٹریلوی کپتان کو خریدنے کے لیے 20.50 کروڑ روپے خرچ کیے۔
جیسن گلیسپی نے 'سین ریڈیو' سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پیٹ یقینی طور پر بہترین گیندباز کے ساتھ ساتھ بہترین کپتان بھی ہیں جسے ہم نے ورلڈ کپ میں دیکھا ہے، لیکن میرے خیال میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ اس کا بہترین فارمیٹ نہیں ہے بلکہ وہ ٹیسٹ کے بہترین گیندباز ہیں اور ٹیسٹ کرکٹ ہی ان کی آمدنی کا ذریعہ ہے۔
جیسن گلیسپی نے مچل اسٹارک کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی کے اچھے باؤلر ہیں، اس میں کوئی شک نہیں ہے۔ واضح رہے کہ پیٹ کمنز کی فروخت کے فوراً بعد مچل اسٹارک آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے جب انہیں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے 24.75 کروڑ روپے میں خرید لیا۔ مچل اسٹارک نے آئی پی ایل میں صرف دو سیزن ہی کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 27 میچوں میں 34 وکٹیں حاصل کی ہیں۔