لندن:سلامی بلے باز عثمان خواجہ (ناٹ آؤٹ 69) اور ڈیوڈ وارنر (ناٹ آؤٹ 58) کی نصف سنچریوں کی بدولت آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف پانچویں ایشز ٹیسٹ کے چوتھے دن اتوار کو بغیر کسی نقصان کے 135 رن بنالئے۔ یوں تو آسٹریلیا 384 رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے جیت کا مضبوط دعویدار نہیں تھا لیکن بارش سے قبل اس سنچری شراکت نے کنگارو ٹیم کی پوزیشن سنبھال دی ہے۔ تاہم آسٹریلیا کو جیت کے لیے ابھی 249 رن درکار ہیں۔ خواجہ نے 130 گیندوں پر آٹھ چوکوں کی مدد سے 69 رن بنائے جبکہ وارنر 99 گیندوں پر نو چوکوں کی مدد سے 58 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
دن کا آغاز 389/9 سے ہوا، انگلینڈ آل آؤٹ ہونے سے پہلے صرف چھ رن کا اضافہ کر سکا۔ جیمز اینڈرسن آٹھ رن بنانے کے بعد ٹوڈ مرفی کا شکار بنے جب کہ اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے اسٹورٹ براڈ آٹھ رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا نے میزبانوں کی طرح جارحانہ بیٹنگ نہیں کی، حالانکہ ان کے تحمل نے ان کا کوئی وکٹ گرنے نہیں دیا ۔ دوسرا سیشن شروع ہونے کے کچھ دیر بعد بارش کی وجہ سے کھیل روکنا پڑا ۔ دو گھنٹے سے زیادہ تک بارش نہ رکنے کی وجہ سے امپائروں نے دن کا کھیل ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ آخری دن آسٹریلیا کو جیتنے کے لیے 249 رنز کی ضرورت ہے اور اس کے پاس دس وکٹ موجود ہے۔