ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے انگلینڈ کے خلاف آج ہونے والے ون ڈے کے موقع پر پیر کو کہا کہ روہت کے ساتھ بائیں ہاتھ کے بلے باز شکھر دھون اننگ کا آغاز کریں گے۔
وراٹ نے انگلینڈ کے خلاف پانچویں اور آخری ٹی 20 مقابلے میں روہت کے ساتھ اننگ کی شروعات کی تھی، لیکن اب انہوں نے واضح کیا ہے کہ 50 اوور کے فارمیٹ میں روہت اور شکھر کی پرانی جوڑی ہی اننگ شروع کرے گی۔
انہوں نے کہا، ’’ جہاں تک اوپننگ شراکت داری کاتعلق ہے شکھر اور روہت یقینی طور سے اننگ شروع کریں گے۔ جب بات ایک روزہ کرکٹ کی ہوتی ہے تو مجھے نہیں لگتا کہ دونوں بلے بازوں کے ایک ساتھ اننگ شروع کرنے کے تعلق سے کوئی شبہ نہیں ہے۔ گزشتہ کچھ سالوں میں دونوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ کچھ نوجوان کھلاڑی پہلی بار ایک روزہ فارمیٹ میں اپنا چیلنج رکھیں گے، اس لئے میں یہ دیکھنے کے لئے پرجوش ہوں کہ نوجوان کھلاڑی کس طرح انگلینڈ کی مضبوط ٹیم کے خلاف اپنا چیلنج رکھیں گے۔