سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کے 15 اگست کو انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فورا بعد ہی 33 سالہ رائنا نے بھی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد مودی نے رائنا کو بھی دو صفحوں کا خط بھیجا جس میں بھارتی کرکٹ میں ان کی شراکت کی تعریف کی گئی اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
اس سے قبل وزیر اعظم نے بدھ کے روز دھونی کو ایک خط لکھا تھا جس میں انہوں نے بھارتی کرکٹ میں ان کی شراکت کی تعریف کی تھی۔
وزیر اعظم نے رائنا کی شراکت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں سنیاس کا لفظ استعمال نہیں کرنا چاہتا کیوں کہ آپ ریٹائر ہونے کے لیے بہت کم عمر اور بھرپور توانائی والے کھلاڑی تھے۔ اپنے کرکٹ کیریئر میں کئی بار آپ کو بہت سے چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا جیسے چوٹ لگی ہو لیکن ہر بار آپ نے ان چیلنجوں کا سامنا کیا اور واپس آئے۔
مودی نے کہا کہ نسلیں نہ صرف ایک اچھے بلے باز کے طور پر آپ کو یاد رکھیں گی بلکہ ایک مفید بولر کی حیثیت سے آپ کے کردار کو بھی فراموش نہیں کریں گی۔ آپ ایک ایسے بالر تھے جس پر مشکل وقت میں کپتان اعتماد کرسکتے تھے۔ آپ کی فیلڈنگ بھی عمدہ تھی۔ آپ کا نام اس دور کے سب سے بہترین بین الاقوامی کیچ لینے والے کھلاڑیوں میں آتا ہے۔ آپ نے اپنی فیلڈنگ سے جو رنز بچائے ہیں اس کا حساب لگانے میں بہت دن لگیں گے۔
وزیر اعظم نے 2011 ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں احمد آباد میں آسٹریلیا کے خلاف رائنا کے ہاتھوں 34 رنز کی ناقابل شکست کھیلی گئی اننگز کو بھی یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت 2011 کے ورلڈ کپ خاص طور پر بعد کے میچوں میں آپ کی شراکت کو فراموش نہیں کرسکتا۔ میں نے آپ کو کوارٹر فائنل میں احمد آباد میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلتے ہوئے دیکھا تھا۔ آپ کی اننگز نے ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ مودی اس وقت گجرات کے وزیر اعلی تھے۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ میں اعتماد کے ساتھ یہ کہہ سکتا ہوں کہ آپ کے پرستار آپ کے کور ڈرائیو سے محروم ہوجائیں گے جو میں نے خوش قسمتی سے اس دن احمد آباد میچ میں دیکھے تھے۔ رائنا آپ ہمیشہ ٹیم روح کے مترادف ہوں گے۔ آپ نے ذاتی امتیاز کے لیے نہیں بلکہ اپنی ٹیم کے فخر اور بھارت کے وقار کے لیے کھیلا ہے۔ وزیر اعظم نے سوچھ بھارت مہم اور خواتین کو بااختیار بنانے میں رائنا کے تعاؤن کی بھی تعریف کی۔
رائنا نے جمعہ کے روز وزیر اعظم کے خط کو ٹویٹ کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ جب ہم ملک کے لیے کھیلتے ہیں تو ہم اپنا خون پسینہ دیتے ہیں۔ اس کے بجائے ملک کے عوام اور یہاں تک کہ اس ملک کے وزیر اعظم سے بھی پیار کرنے سے بہتر تعریف کوئی نہیں ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی ، تعریفی الفاظ اور نیک خواہشات کے لیے آپ کا شکریہ۔ میں اسے شکریہ کے ساتھ قبول کرتا ہوں۔ جئے ہند۔