عالمی کپ فائنل مقابلہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے مابین کھیلا گیا تھا،جس میں مقررہ 50 اوورز میں دونوں ٹیموں کا اسکور برابر تھا جبکہ سپر اوور میں بھی اسکور ٹائی ہو گیا تھا اور میچ میں زیادی باؤنڈریز لگانے کی بنیاد پر انگلینڈ فاتح قرار دیا گیا۔
حالاںکہ اس بارے میں کرکٹ شائقین کے علاوہ سابق کرکٹرز بھی اس بات کا مطالبہ کر رہے ہیں کہ دونوں ٹیموں کو مشترکہ طور پر فاتح قرار دیا جانا چاہیے تھا۔
اس معاملے میں اب بالی وڈ کی معروف اداکارہ روینہ ٹنڈن نے ٹویٹ کر کے کہا کہ عالمی کپ ٹرافی بھارت کو دی جانی چاہیے اور اس کے لیے انہوں نے ایک تصویر بھی شیئر کی۔
شیئر کی گئی تصویر میں دنیا کا نقشہ دکھایا گیا ہے اور اس میں دونوں فائنلسٹ ممالک کے درمیان ایک لکیر کھینچی گئی ہے اور لکھا گیا ہے کہ عالمی کپ ٹرافی کو دونوں ممالک کے درمیان رکھا جائے، ان دونوں ممالک کے درمیان میں بھارت آتا ہے اسی لیے ایسا کہا جا رہا ہے کہ عالمی کپ ٹرافی بھارت کو دینی چاہیے۔
روینہ ٹنڈن نے یہ تصویر ٹویٹر پر شیئر کی ہے اور کہا کہ انہیں یہ تصویر وہاٹس ایپ پر موصول ہوئی تھی اور انہوں نے اسے آگے بڑھایا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم نے عالمی کپ کے لیگ میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست مقام پر تھی لیکن سیمی فائنل میں اسے نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔