موجودہ فاتح آسٹریلیا اپنا آئی سی سی ورلڈ کپ کا خطاب بچانے کے ارادے سے آج میدان پر افغانستان سے نبرد آزما ہوگی۔ اس ورلڈ کپ میں سبھی کی نظریں افغانستان کی ٹیم پر ہوگی جو پچھلے کئی میچوں میں بہترین کھیل کا مطاہرہ کر چکی ہے۔
افغانستان کی طاقت اس کی گیند بازی ہے اور یہ ٹیم 250 سے 280 کے اسکور کو بھی بچانے کا دم رکھتی ہے۔
راشد خان اس ٹیم کے اہم گیندباز ہیں جو فی الحال دنیا کے بہترین گیند بازوں میں شمار کئے جاتے ہیں اور بڑے بڑے بلے بازوں کو اپنی اسپن گیند بازی میں پھنسانے کا ہنر جانتے ہیں اور آج کے میچ میں بھی انہیں عالمی کپ کی تاریخ کی سب سے کامیاب ٹیم آسٹریلیا کے بلے بازوں کا سامنا کرنا ہوگا۔
راشد کے علاوہ مجیب الرحمن اور محمد نبی ایسے گیند باز ہیں جو اپنی پھرکی میں پھنسانے کی قابلیت رکھتے ہیں، ان کے علاوہ گلبدن نائب، دولت زدران، حامد حسن اور آفتاب عالم تیز گیند بازی کا محاذ سنبھالیں گے۔
بلے بازی میں افغانستان کی جانب سے محمد شہزاد، گلبدن نائب، حضرت اللہ ززئی، رحمت شاہ اور حشمت اللہ شاہدی پر ذمہ داری ہوگی۔