انگلینڈ نے میزبان جنوبی افریقہ کو تیسرے کرکٹ ٹسٹ کے پانچویں اور آخری دن پیر کو اننگز اور 53 رنز سے شکست دے کر چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی۔
انگلینڈ نے سینچورین میں پہلا ٹیسٹ 107 رنز سے گنوایا تھا لیکن اس کے بعد اس نے شاندار واپسی کرتے ہوئے کیپ ٹاؤن میں دوسرا ٹیسٹ 189 رنز سے اور پورٹ الزبتھ میں تیسرا ٹیسٹ اننگز اور 53 رنز سے جیت لیا۔
سیریز کا چوتھا اور آخری ٹیسٹ جوہانسبرگ میں 24 جنوری سے شروع ہو گا۔
انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز نو وکٹ پر 499 رن پر اعلان کی تھی جبکہ جنوبی افریقہ کو پہلی اننگز میں 209 رنز پر سمیٹنے کے بعد فالو آن کرنا پڑا۔
جنوبی افریقہ نے کل کے چھ وکٹ پر 102 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور اس کی دوسری اننگز 237 رن پر سمٹ گئی۔آٹھویں نمبر کے بلے باز کیشو مہاراج نے یکطرفہ جدوجہد کرتے ہوئے 106 گیندوں پر 10 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 71 رن بنائے۔
کیشو اپنے 72 رنز کی بہترین اسکور سے صرف ایک رن دور رہ گئے۔