بھارتی کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ کی تلاش کافی تیزی سے جاری ہے اور جس کے لیےمتعدد درخواستیں بی سی سی آئی کو موصول ہوئی ہیں اور اس کے لیے 15 اگست کے بعد انٹرویو لیا جائے گا، واضح رہے کہ اس قبل 13 اور 14 اگست کو انٹرویو ہونے والا تھا لیکن کچھ کاروائیوں کے مکمل ہونے میں تاخیر کے سبب اسے موخر کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس انٹرویو کے لیے محض ایک ہی دن کا وقت مقرر کیا گیا ہے کیوں کہ انٹرویو کے لیے 6 امیدواروں کو ہی منتخب کیا گیا ہے۔
بی سی سی آئی کے مطابق کوچ کے انٹرویو کے معاملے میں کچھ کاغذی کاروائی باقی ہے اور سی اے سی جب تمام کاروائیاں مکمل کرے گی تب ہی انٹرویو کا عمل شروع ہوگا۔
بی سی سی آئی کے ایک افسر نے کہا کہ کوچ کے انتخابی عمل میں کپتان وراٹ کوہلی کی رائے کو شامل نہیں کیا جائے گا اور تمام تر معاملات کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی کے سپرد ہے وہ جسے چاہیں ٹیم کا کوچ منتخب کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ٹیم کے نئے کوچ کے لیے موجودہ کوچ روی شاستری کو مضبوط دعویدار مانا جا رہا ہے۔