سابق کرکٹڑ لکشمن نے کہا ہے کہ سنجو سیمسن کو ٹیم میں شامل کرنے سے یہ پیغام جاتا ہے کہ رشبھ پنت کو بھی اب اچھی کارکردگی پر توجہ دینی ہو گی ۔
لکشمن نے کہاکہ ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی نے سیمسن کو ٹیم میں شامل کر صاف پیغام دیا ہے کہ ہمارے پاس بیک اپ موجود ہے۔ پنت کو کئی موقع دیئے گئے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ پنت کے ساتھ انتظامیہ بھی بات چیت کرتی ہوگی کہ انہیں ٹیم میں محفوظ رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ کھلاڑیوں کو بالآخر مینجمنٹ ٹیم کے اعتماد کو برقرار رکھنے اور اس پر کھرا اترنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ پنت پر ٹیم کا کافی انحصار رہا ہے لیکن وہ اپنے اس ایکس فیکٹر کو دکھا نہیں سکے ہیں۔ میرا خیال ہے کہ پنت ایک خصوصی بلے باز ہیں جن میں میچ کا رخ تبدیل کرنے کی صلاحیت ہے۔
پنت کو ان کی کارکردگی کی بدولت ٹیم میں جگہ بنانے کا موقع ملا تھا لیکن پھر مسلسل چھوٹے اسکور سے انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور ٹیسٹ ٹیم میں بھی انہوں نے اپنی جگہ گنوا دی۔ پنت کو گزشتہ کافی عرصے سے وکٹ کیپر بلے باز مہندر سنگھ دھونی کا جانشین سمجھا جا رہا ہے لیکن لکشمن کا خیال ہے کہ گزشتہ خراب کارکردگی سے ان کی حیثیت پر اثر پڑا ہے اور ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھنے کے لئے انہیں بڑے اسکور بنانے ہوں گے۔
سابق بلے باز نے کہا کہ دھونی بھی پنت اور سیمسن دونوں کی کارکردگی کا جائزہ لینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے دھونی کے مستقبل کو لے کر کہاکہ مجھے لگتا ہے کہ دھونی انتظار کریں گے اور سیمسن اور پنت دونوں کی کارکردگی کو دیکھنا چاہتے ہیں۔ جب بھی انہیں موقع ملے گا وہ آئی پی ایل کے بعد کوئی فیصلہ کریں گے کیونکہ میرے حساب سے وہ آئی پی ایل میں کھیلنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ وہ اچھا مظاہرہ کریں گے اور چنئی کی قیادت کریں گے۔