آئی پی ایل ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور کے کپتان وراٹ کوہلی ممبئی میں قرنطین اور کورونا ٹیسٹ کے عمل سے گزرنے کے بعد تنہا طیارے سے دبئی پہنچ گئے۔
رواں سال 19 ستمبر سے 10 نومبر تک آئی پی ایل کا انعقاد متحدہ عرب امارات میں ہونا ہے۔
بنگلور ٹیم کے تین جنوبی افریقی ممبر ڈیل اسٹین، اے بی ڈویلیئرز اور کرس مورس ہفتے کے اوائل میں اپنے ہوٹل میں ساتھیوں کے ساتھ شامل ہونے دبئی پہنچے۔ ٹیم کے ہندوستانی کھلاڑی اور معاون عملہ کے ممبر ایک روز قبل ہی دبئی پہنچے تھے۔
کپتان وراٹ کوہلی نے باقی ہندوستانی کھلاڑیوں کے ساتھ سفر نہیں کیا، ٹیم کے ترجمان نے بتایا کہ وراٹ نے کل ٹیم میں شمولیت اختیار کی۔
وراٹ اپنی ٹیم کے پروٹوکول کے مطابق قرنطین اور جانچ کے عمل سے گزرے اور ممبئی سے چارٹرڈ طیارے میں تنہا دبئی پہنچے۔
بنگلور کو اپنی ٹیم کے لئے صرف 55 کمروں کی ضرورت تھی لیکن ٹیم نے ایک لگژری ہوٹل کا پورا ونگ بک کرایا جو تقریبا150 کمروں پر مشتمل ہے۔
دبئی میں تمام ٹیموں کو لازمی طور پر چھ دن کے آئسولیشن سے گزرنا ہوگا جس کے بعد وہ تین بار کورونا ٹیسٹ سے گزریں گے۔ اس کے بعد انہیں بایو سیکیور ماحول میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ ان کا تربیتی اجلاس 29 اگست سے شروع ہوگا۔