کپتان پرویز رسول (182 و45 رنز اور ایک وتین وکٹ) کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت جموں و کشمیر نے پالم میدان میں سروسز کو رنجی ٹرافی گروپ سی میچ کے آخری دن منگل کو 173 رنز سے شکست دے کر چھ پوائنٹس حاصل کر لئے۔
جموں و کشمیر نے پہلی اننگز میں 360 رن بنائے جبکہ سروسز کی ٹیم 242 رن پر سمٹ گئی۔ جموں و کشمیر نے اپنی دوسری اننگز کو پانچ وکٹ پر 201 رن پر اعلان کر دیا۔
سروسز کی دوسری اننگز 146 رن پر سمٹ گئی اور اسے شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔جموں و کشمیر کے لئے محمد مدثر اور رسول نے تین تین وکٹ لئے۔ جموں و کشمیر کی پانچ میچوں میں یہ چوتھی جیت ہے اور وہ 26 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل میں دوسرے مقام پر آ گیا ہے۔
مہاراشٹر نے جھارکھنڈ کو شکست دی
مہاراشٹر نے جھارکھنڈ کو گروپ سی میچ میں آٹھ وکٹ سے شکست دے کر چھ پوائنٹس حاصل کر لئے۔ مہاراشٹر نے پہلی اننگز میں 434 اور جھارکھنڈ نے 170 رن بنائے۔
فالو آن کرنے کے بعد جھارکھنڈ نے دوسری اننگز میں 311 رن بنائے۔ مہاراشٹر نے دو وکٹ پر 48 رنز بنا کر آسان کامیابی حاصل کی۔ مہاراشٹر کی پانچ میچوں میں یہ پہلی جیت ہے اور اس کے نو پوائنٹس ہو گئے ہیں۔ جھارکھنڈ کی پانچ میچوں میں یہ دوسری شکست ہے اور اس کے 16 پوائنٹس ہیں۔
گوا نے پڈوچیری کو 81 رنز سے شکست دی
گوا نے پڈوچیری کو پلیٹ گروپ مقابلے میں 81 رنز سے ہرا دیا۔ گوا نے 270 اور 255 رن بنائے جبکہ پڈوچیری نے 260 اور 184 رن بنائے۔ فیلکس ایلےمايو نے 72 رن پر پانچ وکٹ لے کر گوا کو جیت دلائی۔
گوا کی پانچ میچوں میں یہ چوتھی جیت ہے اور وہ 29 پوائنٹس کے ساتھ پلیٹ گروپ کی ٹیبل میں سرفہرست مقام پر آ گیا ہے۔ پڈوچیری کی پانچ میچوں میں یہ پہلی شکست ہے اور وہ 27 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔