اسٹارکرکٹر شکھر دھون کی کپتانی کی ذمہ داری سے پر سنچری اننگز کی بدولت دہلی نے حیدرآباد کے خلاف رنجی ٹرافی گروپ اے اور بی مقابلے کے پہلے دن بدھ کو 66اوور میں چھ وکٹ پر 269رن بنالئے۔
دہلی اور حیدرآباد کے مابین ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس مقابلے کا پہلا دن خراب روشنی سے متاثر رہا اور پورے دن کے کھیل میں صرف 66اوور ہی پھینکے جاسکے۔
حیدرآباد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ شکھر نے 198گیندوں میں ناٹ آوٹ 137رنوں کی اننگز میں 19چوکے اور دو چھکے لگائے۔شکھرکو اس میچ میں دھرو شوری کی جگہ دہلی کا کپتان بنایا گیا۔
بائیں ہاتھ کے بلے باز شکھر نے دہلی کو پانچ وکٹ پر 128رن کی نازک حالت سے نکالا۔ انہوں نے وکٹ کیپر انج راوت (29) کے ساتھ چھٹے وکٹ کے لئے 84رن ک اہم شراکت کی۔