پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین راولپنڈی میں کھیلے جانے والے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے مہمان جنوبی افریقہ کو 95 رنوں سے شکست دے کر سیریز میں کلین سویپ کر دیا۔
جنوبی افریقہ کے خلاف اس جیت سے پاکستان کو آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت 120 پوائنٹس ملے۔
پاکستان نے جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 370 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن افریقی ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ ایک وقت ایسا محسوس ہورہا تھا کہ جنوبی افریقہ بآسانی یہ میچ جیت جائے گی لیکن ایڈن مارکرم کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹیم تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی۔
پاکستان نے چوتھے دن اپنی دوسری اننگز میں 298 رن بناکر جنوبی افریقہ کے سامنے جیت کے لیے 370 رن کا ہدف رکھا تھا۔ جنوبی افریقہ نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پانچویں دن ایک وکٹ پر 127رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور 91.4 اوورز میں 274 رنز پر سمٹ گئی۔ سلامی بلے باز ایڈ مارکرم (108 رن) کی شاندار سنچری بھی جنوبی افریقہ کو شکست سے نہیں بچا سکی۔
پاکستان کی جانب سے دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز حسن علی نے 16 اوورز میں 60 رنوں کے عوض 5 وکٹ، شاہین آفریدی نے 21 اوورز میں 51 رنز کے عوض 4 وکٹ اور لیگ اسپنر یاسر شاہ نے 23.4 اوورز میں 56 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
میچ کے آخری دن جنوبی افریقہ نے ایک وکٹ پر 127رن سے آگے کھیلنا شروع کیا لیکن ایڈن مارکرم اور ٹمبا باؤما کے علاوہ کوئی بھی بلے باز کریز پر نہیں ٹک سکا۔