پاکستانی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے دوران میچ میں 72 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
یہ کسی بھی پاکستانی وکٹ کیپر کی جانب سے ’’سینا ممالک‘‘ (جنوبی افریقہ، آسٹریلیا،نیوزی لینڈ،انگلینڈ) میں حاصل کیا جانے والے پہلا مین آف دی میچ ایوارڈ تھا۔ ٹیسٹ کرکٹ میں یہ محمد رضوان کا پہلا ایوارڈ ہے جو کہ پروفیشنل کیریئر میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ساؤتھمپٹن میں کھیلا گیا دوسرا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا، یوں میزبان ٹیم کی سیریز میں 1-0 کی برتری برقرار ہے۔ دوسرے ٹیسٹ میچ کے آخری روز میزبان انگلینڈ نے 110 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کی، اس کے بعد دونوں کپتانوں نے باہمی رضا مندی سے میچ ختم کردیا۔دوسرے ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز بھی بارش نے میچ کو متاثر کیا، لنچ سے پہلے کا پورا سیشن اور کھانے کے وقفے کے بعد 1 گھنٹہ 40 منٹ کا کھیل نہیں ہوسکا۔
پھر جب کھیل شروع ہوا تو انگلینڈ نے 7 رنز1 کھلاڑی آؤٹ سے اننگز آگے بڑھائی، دوسری وکٹ پر ڈوم سیبلی اور زیک کرالی نے 91 رنز کی شراکت قائم کی۔ کرالی 53 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے، سیبلی بھی مجموعی اسکور میں ایک رن کے اضافے کے بعد پویلین گئے، انہوں نے 32 رنز بنائے جبکہ پوپ 9 کے انفرادی اسکور پر یاسر شاہ کا شکار ہوئے۔ جب آخری گھنٹے کا کھیل شروع ہوا تو انگلش کپتان جو روٹ نے 110رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کردی جس کےبعد اسی اسکور پر میچ کےخاتمے کا اعلان بھی کردیا گیا۔
محمد عباس نے 2، یاسر شاہ اور شاہین شاہ آفریدی نے 1،1 وکٹ حاصل کی، اس سے قبل پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 236 رنز بنائے تھے۔پہلا ٹیسٹ میچ جیتنے کی بدولت انگلینڈ کو 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 21 اگست سے ساؤتھمپٹن میں ہی کھیلا جائے گا۔