بھارت کو ورلڈ کپ فاتح بنانے والے سابق کپتان کپل دیو کو جمعرات کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد جنوبی دہلی کے فورٹس اسکارٹس ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا تھا جہاں ان کی کامیاب ایمرجنسی کورونری انجیو پلاسٹی سرجری ہوئی۔
بھارت کے سابق کرکٹر چیتن شرما نے ٹویٹ کرکے جانکاری دی کہگزشتہ روز کپل دیو کی طبیعت بگڑنے کے بعد انہیں ہسپتال لے جایا گیا تھا جہاں ان کی کامیاب انجیو پلاسٹی سرجری کے بعد آج انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔
ہسپتال کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ 'کپل دیو کو آج دوپہر کو ہسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔ وہ تیزی سے صحتیاب ہورہے ہیں اور بہت جلد اپنا روز مرہ کا کام شروع کرسکتے ہیں اور باقاعدگی سے ڈاکٹر اتُل ماتُھر سے صلاح و مشورہ کرتے رہیں گے۔
فورٹس اسکارٹس ہسپتال میں شعبہ امراض قلب کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اتُل ماتُھر کے مطابق کپل کو جمعرات کی دوپہر ایک بجے ہسپتال میں بھرتی کرایا گیا تھا جہاں ان کی ایمرجنسی کورونری انجیو پلاسٹی کی گئی۔