ویمنز ٹی 20 چیلنج شارجہ میں کھیلا جائے گا جس میں تین ٹیمیں حصہ لیں گی۔ اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر چار میچ ہوں گے جو 4، 5، 7 اور 9 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔
اس ٹورنامنٹ میں سُپرنوواس، ویلوسِٹی اور ٹریل بلیزرز ٹیمیں شرکت کریں گی۔ 4 نومبر کو سُپرنوواس اور ویلوسٹی، 5 نومبر کو ویلوسٹی اور ٹریل بلیزرز، 7 نومبر کو سُپرنوواس اور ٹریل بلیزرز جبکہ فائنل 9 نومبر کو ہوگا۔
بی سی سی آئی کی جانب سے کہا گیا کہ اس ٹی 20 چیلینج کو 'ریلائنس فاؤنڈیشن ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس فار آل' کا تعاون حاصل ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب بی سی سی آئی نے ویمنز ٹورنامنٹ کے لیے ٹائٹل اسپانسر کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
اس ٹورنامنٹ میں بھارتی خواتین کی ٹی 20 ٹیم کی کپتان ہرمنپریت کور، سلامی بلے باز سمرتی مندھانا اور یک روزہ ٹیم کی کپتان متالی راج کو کپتان مقرر کیا گیا ہے، ہرمنپریت سُپرنوواس، مندھانا ٹریل بلیزرز اور متالی ویلوسٹی ٹیم کی قیادت کریں گی۔
ٹورنامنٹ میں بھارتی خواتین کھلاڑیوں کے علاوہ انگلینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کی اسٹار کھلاڑی بھی شرکت کریں گی۔ ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں نصف سنچری بنانے والی تھائی لینڈ کی پہلی کرکٹر نتھاکم چانتھم بھی ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گی۔