بھارتی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 419 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن میزبان ٹیم اسے حاصل کرنے میں ناکام ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 100 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
ویسٹ انڈیز کے 9 کھلاڑی محض 50 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے جبکہ نویں نمبر پر بلے بازی کرنے آئے تیز گیندباز کیمر روچ اور گیارہویں نمبر کے بلے باز میگوئیل کمنز نے آخری وکٹ کے لیے 50 رنز کی پارٹنرشپ کی لیکن اس پارٹنرشپ نے محض شکست کا فرق کم کیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمر روچ نے سب سے زیادہ 38 رنز بنائے جبکہ آخری نمبر کے بلے باز کمنز نے 19 اور روسٹن چیز نے 12 رنز بنائے اس کے علاوہ کوئی بھی بلے باز دوہرے ہندسے تک نہیں پہنچ سکا۔
بھارتی گیندبازوں نے کیریبیئن بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا اور تیز گیندباز جسپریت بمراہ نے پانچ بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ پہلی اننگ میں بہترین گیندبازی کرنے والے ایشانت شرما نے دوسری اننگ میں بھی تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد سمیع نے دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔