اردو

urdu

ETV Bharat / sports

فاف ڈوپلیسس ٹیسٹ کرکٹ سے سبکدوش - کرکٹ ساؤتھ افریقہ

جنوبی افریقہ کے سرکردہ کرکٹر فاف ڈو پلیسس نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔

Du Plessis
Du Plessis

By

Published : Feb 17, 2021, 7:51 PM IST

جنوبی افریقہ کے سابق کپتان ڈو پلیسس نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ جنوبی افریقہ میں کورونا وبا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی وجہ سے آسٹریلیا کا جنوبی افریقہ دورہ منسوخ ہونے کے کچھ دن بعد لیا۔

ڈو پلیسس نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اس فیصلے کی تصدیق کی کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ سے سبکدوش ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا 'میرا دل صاف ہے اور نیا باب شروع کرنے کا یہی صحیح وقت ہے اگر کوئی مجھے 15 سال پہلے کہتا کہ میں جنوبی افریقہ کے لیے 69 ٹیسٹ میچ کھیلوں گا اور ٹیم کی کپتانی کروں گا تو مجھے یقین نہیں ہوتا۔'

بشکریہ ٹویٹر

ڈو پلیسس نے مزید کہا کہ 'میں اب تک کے اپنے ٹیسٹ کریئر سے مطمئن ہوں۔ میں نے اب کرکٹ کا سب سے مختصر فارمیٹ یعنی ٹی 20 کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ بھی ہونے والا ہے اسی وجہ سے میری توجہ اس فارمیٹ کی جانب ہے اور میں دنیا بھر میں جتنا ممکن ہوسکے اتنا کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں تاکہ میں سب سے اچھا کھلاڑی بن سکوں جو میں ہوسکتا ہوں۔'

کرکٹ ساؤتھ افریقہ (سی ایس اے) کے ڈائریکٹر گریم اسمتھ نے ڈو پلیسس کے ریٹائرمنٹ کے موقع پر کہا کہ فاف نے جنوبی افریقہ کے لیے کئی برسوں سے عمدہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلا ہے اور اس فارمیٹ میں ٹیم کو ان کی کمی ہمیشہ محسوس ہوگی۔

گریم اسمتھ نے کہا کہ 'ان کی ٹیم سے وابستگی ہمیشہ بلا شبہ رہی ہے۔ اپنے منصوبے کے بارے میں کرکٹ جنوبی افریقہ کے ساتھ ان کی شفافیت کو ہمیشہ سراہا گیا ہے۔ ہم ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔'

واضح رہے کہ فاف ڈو پلیسس نے سنہ 2012 میں ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں میچ بچانے والی سنچری اننگز کے ساتھ جنوبی افریقہ کے لیے ٹیسٹ میں ڈیبیو کیا تھا اور ٹیم کے لیے کُل 69 ٹیسٹ میچ کھیلے۔

ڈو پلیسس نے سنہ 2016 میں اپنے بچپن کے بہترین دوست اے بی ڈویلیئرز کے بعد ٹیسٹ کی کپتانی سنبھالی تھی اور انگلینڈ کو گھریلو سیریز میں شکست دینے کے بعد گذشتہ جنوری میں کپتانی چھوڑنے سے قبل 36 میچوں میں ٹیم کی کپتانی کی۔

ڈو پلیسس نے اپنے ٹیسٹ کریئر میں 10 سنچریاں اور 21 نصف سنچریوں کی مدد سے 4163 رن بنائے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details