بھارت کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی نے بھلے ہی عالمی کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرلی ہو لیکن وہ اس سیزن میں انڈین پریمیر لیگ میں توجہ کے مرکز ہوں گے۔
آئی پی ایل 2020 ایڈیشن سے قبل دھونی کی کپتانی میں 3 مرتبہ چیمپیئن کا خطاب اپنے نام کرنے والی چینئی سُپر کنگز کا پہلا مقابلہ دفاعی چیمپیئن ممبئی انڈینز سے ہوگا۔
اس میچ کے ذریعے دھونی ایک برس سے زائد کے وقت کے بعد کرکٹ میں واپسی کریں گے۔
ایم ایس دھونی نے اپنا آخری میچ نیوزی لینڈ کے خلاف یک روزہ ورلڈ کپ 2019 کے سیمی فائنل میں کھیلا تھا۔
طویل عرصے تک میدان سے دور رہنے کے بعد دھونی کے ریٹائرمنٹ کے بارے میں قیاس آرائیوں کا بازار گرم تھا لیکن سابق کپتان نے15 اگست کی شام اچانک ایک ویڈیو کے ذریعے انٹرنیشنل کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کردیا۔
بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہنے کے بعد دھونی کی نظر اب متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے آئی پی ایل پر ہے جو اس سال کا پہلا اور آخری ٹورنامنٹ ہے۔
سابق کرکٹر صبا کریم نے کہا کہ 'دھونی بہت فِٹ ہیں اور مجھے یقین ہے کہ وہ اپنی فٹنس پر بہت محنت کر رہے ہیں۔ نیز انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنا چھوڑ دیا ہے جس سے ان کے جسم پر کام کا بوجھ کم ہوگا۔
صبا کریم نے مزید کہا کہ 'کرکٹ کی دنیا میں ابھی بھی ایم ایس دھونی جیسے آئکن کی ضرورت ہے۔ دھونی کی کپتانی کا آغاز 2007 میں بھارتی ٹیم کی ٹی 20 ورلڈ کپ جیت کے ساتھ ہوا تھا۔ اُس یادگار فتح کے محض ایک سال بعد آئی پی ایل کا آغاز ہوا جو آج کی دنیا کا سب سے مشہور اور امیر ترین کرکٹ لیگ ہے۔
صبا کریم نے کہا کہ 'دھونی نے آئی پی ایل کے آغاز میں اہم کردار ادا کیا۔ جس طرح انہوں نے اپنے بلے سے کرکٹ کے اس مختصر فارمیٹ میں شاندار اور جارحانہ انداز میں کارکردگی کا مظاہرہ کیا وہ قابل ستائش ہے۔ اسٹمپ کے پیچھے بھی ان کی وکٹ کیپنگ نے کرکٹ کو ایک نئی جہت دی۔
واضح رہے کہ اہم بات یہ ہے کہ انڈین پریمیئر لیگ کا 13 واں سیزن ابوظبی میں 19 ستمبر سے شروع ہونے جارہا ہے۔ اس سیزن کا پہلا میچ چینئی سُپر کنگز اور ممبئی انڈینز کے مابین کھیلا جائے گا۔ اس بار لیگ مرحلے میں مجموعی طور پر 56 میچ کھیلے جائیں گے جو شارجہ، ابوظبی اور دبئی میں ہوں گے۔ پلے آف شیڈول جاری ہونا ابھی باقی ہے لیکن ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 10 نومبر کو کھیلا جانا ہے۔