افغانستان کے سرکردہ کھلاڑی محمد نبی کی آل راؤنڈ کارکردگی کے بعد روسٹن چیس اور اسکاٹ کوگلن کی شاندار گیند بازی کی بدولت سینٹ لوسیا زوکس نے کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کے میچ میں سینٹ کیٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹ کو 10 رنز سے شکست دے دی۔
سی پی ایل میں سینٹ لوسیا اس جیت کے ساتھ ہی پوائنٹس ٹیبل میں سب سے اوپر پہنچ گئی ہے۔ اس کے تین میچوں میں سے چار پوائنٹس ہیں جبکہ پیٹریاٹس کو مسلسل تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پہلے بلے بازی کی دعوت ملنے پر سینٹ لوسیا ٹیم 12 ویں اوورز تک ایک وکٹ پر 102 رنز بنا کر مضبوط پوزیشن میں تھی لیکن اس کے بلے بازی اس وقت بکھر گئی جب اوپنر آندرے فلیچر (46) آؤٹ ہوئے اور اسکور 18 ویں اوور میں چھ وکٹ پر 137 رنز پہنچ گیا۔
چھٹے نمبر پر بلے بازی کرنے آئے محمد نبی نے 22 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 35 رنز بنائے اور زوکس کو 20 اوور میں چھ وکٹوں پر 172 تک پہنچانے میں مدد کی جو اس سی پی ایل میں اب تک کا سب سے زیادہ اسکور ہے۔
آخری دو اوورز میں 32 رنز بنانے والے نبی نے ایک چوکے اور تین چھکے لگائے۔ اس کے بعد افغانستان کے آل راؤنڈر نے چار اوور میں 17 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کی اور پیٹریاٹ کو آٹھ وکٹ پر 162 رن پر روکنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔