حال ہی میں آئی سی سی کی جانب سے ٹیسٹ کا درجہ حاصل کرنے والی افغانستان ٹیم نے کپتان راشد خان کی قاتلانہ گیند بازی کی بدولت تجربہ کار بنگلہ دیش کو شکست دے کر ٹیسٹ سیریز پر قبضہ کر لیا ہے۔
افغانستان نے بنگلہ دیش کو 398 رنز کا ہدف دیا تھا جسے بنگلہ دیشی ٹیم حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
ہدف کا تعاقب کرنے اتری بنگلہ دیشی ٹیم کے بلے باز وقفے وقفے سے آؤٹ ہوتے رہے اور پوری ٹیم 173 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے کپتان شکیب الحسن نے دوسری اننگ میں سب سے زیادہ 44 رنز بنائے جبکہ شادمان اسلام نے 41 اور وکٹ کیپر بلے باز مشفق الرحیم نے 23 رنز کی اننگ کھیلی۔
راشد خان نے میچ میں 11 وکٹیں حاصل کیں افغانستان کی جانب سے دوسری اننگ میں بھی کپتان راشد خان نے خطرناک گیندبازی کا مظاہرہ کیا اور 6 بلے بازوں کا پویلین کی راہ دکھائی اس کے علاوہ ظاہر خان نے 3 اور محمد نبی کے حصے میں ایک وکٹ آئی، واضح رہے کہ راشد خان نے پہلی اننگ میں بھی 5 وکٹیں اپنے نام کی تھیں۔
کھیل کے آخری دن بنگلہ دیش نے 6 وکٹ پر 136 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا اور اسے جیت کے لیے مزید 260 رنز کی ضرورت تھی لیکن کل کے اسکور میں محض 37 رنز کے اضافے کے ساتھ ٹیم سمٹ گئی۔
افغانستان نے پہلی اننگ میں رحمت شاہ کی شاندار سنچری اور اصغر افغان کی 92 رنز کی اننگ کی بدولت 342 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم پہلی اننگ میں راشد خان کی قاتلانہ گیندبازی کے آگے ٹک نا سکی اور 205 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
پہلی اننگ میں 137 رنز کی برتری حاصل ہونے کے بعد افغان ٹیم دوسری اننگ میں لڑکھڑاگئی اور 260 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی لیکن پہلی اننگ میں 137 رنز کی برتری اس کے لیے کارگر ثابت ہوئی اور اس نے بنگلہ دیش کو 398 رنز کا ہدف دیا۔
پہلی اننگ میں نصف سنچری اور میچ میں 11 وکٹیں لینے والے افغان کپتان راشد خان کو مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔