انگلینڈ اینڈ ویلس کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے سی ای او ٹام ہیریسن نے جمعہ کے روز بھارت اور انگلینڈ کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا آخری میچ رد ہونے کے بعد کہا کہ مستقبل میں دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والا ری شیڈول میچ سیریز کا فیصلہ کن نہیں بلکہ حسب معمول کھیلا جانے والا میچ ہوگا۔
ٹام ہیریسن کے اس بیان کا مطلب یہ ہے کہ اس سیریز کا نتیجہ بھارت کے حق میں ہی رہےگا اور یہ سیریز بھارت کی جانب سے 2-1 جیتی ہوئی سیریز مانی جائے گی حالانکہ ابھی اس کی توثیق نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی یہ معلوم ہوا ہے کہ عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹ پر اس کا کیا اثر پڑے گا۔
شیڈول کے مطابق جمعہ کے روز میچ شروع ہونے سے ایک دن پہلے اتوار کے روز ای سی بی اور بی سی سی آئی کے درمیان رات بھر اس بات پر بات چیت جاری رہی کہ میچ کو آگے بڑھانے کی کوشش کی جائے یا نہیں لیکن بالآخر کوئی حل نہیں نکلا اور میچ کو رد کر دیا گیا۔