ممبئی:بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے مطابق وی ایس تلک نائیڈو کو جونیئر سلیکٹرز کمیٹی کا رکن منتخب کیا گیا ہے۔بی سی سی آئی نے ایل ریلیز میں کہاکہ سلکشنا نائک، اشوک ملہوترا اور جتن پرانجپے کی کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی (سی اے سی) نے بالترتیب خواتین کی سلیکشن کمیٹی اور جونیئر کرکٹ کمیٹی میں ایک ایک سلیکٹر کے عہدوں کے لیے درخواستوں کی جانچ کی۔ سی اے سی نے متفقہ طور پر مذکورہ عہدوں کے لیے شیاما ڈے شا اور وی ایس تلک نائیڈو کی سفارش کی ہے۔
بائیں ہاتھ کی بلے باز اور میڈیم پیسرشا نے تین ٹیسٹ اور پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں ہندوستان کی نمائندگی کی۔ انہوں نے پہلی بار1985 سے 1997 تک ڈومیسٹک کرکٹ میں بنگال کی نمائندگی کی اور پھر 1998 سے 2002 تک ریلوے کے لیے کھیلی۔ اپنے کھیل کے کیریئر کے بعد، انہوں نے بنگال سلیکٹر کمیٹی میں بھی دو میعادیں گزاریں۔
سابق وکٹ کیپر بلے بازنائیڈو نے 1998-99 سے 2009-10 تک کرناٹک کے ساتھ ساتھ دلیپ ٹرافی اور دیودھر ٹرافی میں ساؤتھ زون کی نمائندگی کی۔ اپنی جارحانہ بلے بازی کے لیے مشہور نائیڈو نے 93 فرسٹ کلاس میچوں میں 4386 رنز بنائے۔ انہوں نے 2013 سے 2016 تک کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (کے ایس سی اے) جونیئر سلیکشن کمیٹی کی صدارت کی اور 2015-16 سیزن کے دوران کے ایس سی اے سینئر سلیکشن کمیٹی میں بھی خدمات انجام دیں۔