نئی دہلی: تین میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی افغانستانی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی ہے۔ شارجہ میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے افغانستان کو جیت کے لیے 131 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے ایک گیند پہلے حاصل کر لیا۔ بتادیں کہ افغانستانی ٹیم پہلی بار پاکستانی ٹیم کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتی ہے۔
اس میچ میں افغانستان کو جیتنے کے لیے آخری دو اوورز میں 22 رنز بنانے تھے اور افغانستان کے لیے جیتنا قدرے مشکل نظر آ رہا تھا، لیکن نسیم شاہ کے اوور میں محمد نبی اور نجیب اللہ زدران نے مل کر 17 رنز بنائے، جس سے افغانستان کی جیت کا راستہ صاف ہوگیا۔ آخری اوور میں افغانستان کو جیت کے لیے پانچ رنز بنانے تھے ایسے میں نجیب اللہ زدران نے چوکا لگا کر ٹیم کو فتح دلا دی۔
افغانستان کی جانب سے وکٹ کیپر بلے باز رحمن اللہ گرباز نے سب سے زیادہ 44 اور ابراہیم زدران نے کی اننگز کھیلی۔ اس کے ساتھ ہی نجیب اللہ زدران 23 (12 گیندوں، 2 چوکوں اور ایک چھکے) پر ناٹ آؤٹ رہے اور محمد نبی نے 14 رنز (9 گیندوں، ایک چھکا) بنائے۔
پاکستان کا آغاز انتہائی خراب تھا اور دوسری گیند پر سیم ایوب (0) پر وکٹ گنوا بیٹھے۔ ایوب کو فضل الحق فاروقی نے وکٹ کیپر گرباز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کیا۔ اس کے بعد عبداللہ شفیق (0) بھی اگلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ دوسرے اوپنر محمد حارث بھی کچھ خاص نہ کر سکے اور 15 رنز بنا کر نوین الحق کی گیند پر پویلین لوٹ گئے، جس کے باعث پاکستان کا سکور تین وکٹوں پر 20 رنز ہو گیا۔ یہاں سے طیب طاہر اور عماد وسیم نے 40 رنز کی شراکت داری کے ساتھ اننگز کو سنبھالا۔ طیب طاہر تاہم رنز بنانے میں مشکلات کا سامنا کرتے رہے اور 23 گیندوں پر صرف 13 رنز ہی بنا سکے۔ شاداب خان اور عماد وسیم نے 67 رنز کی شراکت داری کرکے پاکستان کو 130/6 کے اسکور تک پہنچا دیا۔
عماد وسیم نے 57 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ناقابل شکست 64 رنز بنائے جس میں تین چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ ساتھ ہی کپتان شاداب خان نے رن آؤٹ ہونے سے قبل تین چوکوں کی مدد سے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔ افغانستان کی جانب سے پلیئر آف دی میچ فضل الحق فاروقی نے 19 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ دوسری جانب نوین الحق، راشد خان اور کریم جنت نے ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔
مزید پڑھیں: