بالی وڈ میں کنگ آف رومانس یش چوپڑا کو ایک فلم ساز کے طور پر یاد کیا جاتا ہے, جنہوں نے رومانوی فلوں کے ذریعہ ناظرین کے درمیان اپنی ایک خاص شناخت بنائی۔ پنجاب کے لاہور میں 27ستمبر 1932 کو پیدا ہونے والے یش چوپڑا کے بڑے بھائی بی آر چوپڑہ فلم انڈسٹری کے جانے مانے پروڈیوسر و ڈائرکٹر تھے۔ اپنے کیریئر کے شروعاتی دور میں یش چوپڑا نے آئی ایس جوہر کے ساتھ بطور معاون کام کیا۔
بطور ہدایت کار یش چوپڑا نے اپنے سینما کیریئر کا آغاز 1959میں اپنے بھائی کے بینر تلے بننے والی فلم ’دھول کا پھول‘ سے کیا۔ سنہ 1961 میں یش چوپڑا کو ایک بار پھر اپنے بھائی کے بینر تلے بنی فلم 'دھرم پتر' کو ڈائرکٹ کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم سے ہی بطور اداکار ششی کپور نے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
سنہ 1965میں فلم 'وقت' یش چوپڑا کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم کا شمار بہترین فلموں میں کیا جاتا ہے۔ اس فلم کو بالی ووڈ کی پہلی ملٹی اسٹارر فلم مانا جاتاہے۔ 'وقت' میں بلر اج ساہنی، راج کمار، سنیل دت، ششی کپور اور رحمٰن نے اہم رول ادا کیا تھا۔
سنہ 1969میں یش چوپڑا کے کیریئر کی ایک اور سپر ہٹ فلم 'اتفاق' آئی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ راجیش کھنہ اور نندا کی جوڑی والی سسپنس تھرلر والی اس فلم میں کوئی نغمہ نہیں تھا۔ اس کے باوجود فلم نے ناظرین کی زبردست پذیرائی حاصل کی اور اسے سپر ہٹ بنادیا۔
سال 1973 میں ریلیز ہونے والی فلم "داغ" کے ذریعہ یش چوپڑا نے فلم سازی کے میدان میں بھی قدم رکھا۔ راجیش کھنہ، شرمیلا ٹیگور اور راکھی کی یہ فلم باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی۔ سال 1975 میں ریلیز ہونے والی فلم 'دیوار' یش چوپڑا کے فلمی کیریئر کے لئے ایک نیا سنگ میل ثابت ہوئی ۔
سال 1976 میں یش چوپڑا کی فلم 'کبھی کبھی'آئی۔ رومانوی پس منظر پر مبنی اس فلم میں یش چوپڑہ نے اینگری ینگ مین امیتابھ بچن سے رومانوی کردار کرواکر فلم ناظرین کو حیرت میں ڈال دیا۔ سمجھا جاتا ہے کہ یش چوپڑا نے امیتابھ بچن کے ذریعہ شاعر اور نغمہ نگار ساحر لدھیانوی کی زندگی سے جڑے پہلوؤں کو بڑے پردہ پر پیش کیا تھا۔
سال 1981 میں آئی فلم 'سلسلہ' یش چوپڑا کی اہم فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ ایسا مانا جاتا ہے کہ یہ فلم امیتابھ - ریکھا کے رشتوں پر مبنی فلم ہے۔ سنہ 1982سے سنہ 1989 تک کا وقت یش چوپڑا کیلئے برا ثابت ہوا۔ا س دوران ان کی 'ناخدا'، 'سوال'، 'فاصلے'، 'مشعل'، 'وجے'جیسی فلمیں باکس آفس پر ناکام ہوگئیں ۔