بالی ووڈ اداکارہ شیرلن چوپڑا نے راج کُندرا کیس سے متعلق اپنا بیان جاری کر دیا ہے۔ شیرلین نے کہا ہے کہ سب سے پہلے انہوں نے ہی اس معاملے میں مہاراشٹرا سائبر سیل کی تحقیقاتی ٹیم کو بیان دیا تھا۔
راج کندرا اور فحاشی کیس سے متعلق اداکارہ شیرلین چوپڑا کا بیان شیرلین نے جمعرات کو ٹویٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے کہا ’’پچھلے کچھ دنوں سے متعدد صحافی اور میڈیا ادارے مجھے فون اور ای میل کر رہے ہیں کہ میں اس موضوع کچھ کہوں۔ میں چاہتی ہوں کہ آپ سب یہ جان لیں کہ سب سے پہلے جس نے مہاراشٹرا سائبر سیل کی تحقیقاتی ٹیم کو اپنا بیان دیا تھا وہ کوئی اور نہیں بلکہ میں ہی ہوں۔ میں نے ہی آرمس پرائم کے بارے میں ان کے ساتھ معلومات شیئر کیں۔‘‘
پونم پانڈے کے بیان پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا: ’’جب مہاراشٹرا سائبر سیل نے مجھے سمن بھیجا، تو دوسروں کے برعکس جو کہتے ہیں کہ ’میرا دل شلپا شیٹی اور اس کے بچوں کے لیے تڑپ رہا ہے‘، میں نے مارچ 2021میں سائبر سیل کو حقیقت پر مبنی اپنا غیر جاندارانہ بیان دیا۔ میں نہ تو شہر چھوڑ کر بھاگی اور نہ ہی لاپتہ ہوئی۔‘‘
مزید پڑھیں: ماڈل کا راج کندرا پر سنگین الزام
ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ’’دوستو، اس موضوع پر بہت کچھ کہنا ہے لیکن چونکہ یہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے، اس لئے میرے لئے بھی اس پر تبصرہ کرنا نا مناسب ہوگا۔ میں آپ سب، خصوصا صحافیوں سے، درخواست کروں گی کہ براہ کرم مہاراشٹرا سائبر سیل سے رابطہ کریں اور اپنے سوالات ان ہی سے پوچھیں، ان سے میرے دیے گئے بیان کے اقتباسات شیئر کرنے کی درخواست کریں۔‘‘