29 جولائی سنہ 1959 کو ممبئی میں پیدا ہوئے سنجے دت کو اداکاری وراثت میں ملی ہے۔ ان کے والد سنیل دت اور ماں نرگس مشہور فنکار تھے۔ گھر میں فلمی ماحول ہونے کی وجہ وہ اکثر اپنے والدین کے ساتھ شوٹنگ دیکھنے جایا کرتے تھے جس کی وجہ سے ان کا رجحان بھی فلموں کی طرف ہو گیا اور وہ بھی اداکار بننے کے خواب دیکھنے لگے۔
سنجے دت نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز بطور چائلڈ آرٹسٹ اپنے والد سنیل دت کے بینر تلے بنی فلم ریشما اور شیرا سےکیا تھا اور بطور ہیرو اپنے کیریئر کی شروعات سنہ 1981 میں ریلیز ہوئی فلم 'راکی' سے کی۔یہ فلم باکس آفس پر سپرہٹ ثابت ہوئی۔
سنہ 1982 میں انہیں پروڈیوسر۔ ڈائریکٹر سبھاش گھئی کی فلم 'ودھاتا' میں کام کرنے کا موقع ملا۔ یوں تو یہ فلم اداکار دلیپ کمار، سنجیو کمار اور شمی کپور جیسے مشہور و معروف فنکاروں کے گرد گھومتی تھی لیکن انہوں نے اپنے چھوٹے اور بہترین کردار سے ناظرین کا دل جیت لیا۔
سنہ 1982 سے 1986 تک کا وقت سنجے دت کے فلمی کیریئر کے لئے اچھا ثابت نہیں ہوا۔ اس دوران ان کی 'جانی آئی لو یو، میں آوارہ ہوں، بے قرار، میرا فیصلہ، زمين آسمان، دو دلوں کی داستان، میرا حق اور جيوا' جیسی کئی فلمیں باکس آفس پر ناکام ہو گئیں، تاہم 1985 میں آئی فلم جان کی بازی باکس آفس پر اوسط کاروبار کرنے میں کامیاب رہی۔
سنجے دت کی قسمت کا ستارہ 1986 کی فلم 'نام' سے چمکا۔ يوں تو یہ فلم راجندر کمار نے اپنے بیٹے کمار گورو کو فلم انڈسٹری میں دوبارہ سے مقام دلانے کے لئے بنائی تھی، لیکن فلم میں سنجے دت کے کردار کوشائقین نے کافی پسند کیا اور فلم کی کامیابی کے ساتھ ہی سنجے دت ایک بار پھر فلم انڈسٹری میں اپنی کھوئی ہوئی شناخت پانے میں کامیاب ہو گئے۔
فلم نام کی کامیابی کے بعد سنجے دت کی شبیہ اینگری ینگ مین اسٹار کی بن گئی اور زیادہ تر فلمساز سنجے دت کی اسی شبیہ کو اپنی فلموں میں دکھانے لگے۔ ان فلموں میں 'جیتے ہیں شان سے، خطروں کےکھلاڑی، طاقتور، ہتھیار، علاقہ، زہریلے، کرودھ اور خطرناک جیسی فلمیں شامل ہیں'۔
سنہ 1991 میں منظرعام پر آئی فلم 'سڑک' سنجے دت کے فلمی کیریئر کی اہم فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ مہیش بھٹ کی ہدایت میں بنی اس فلم میں سنجے دت کی اداکاری میں ایکشن کے ساتھ رومانس کا منفرد امتزاج دیکھنے کو ملا۔ 1991 لارنس ڈیسوزا کی ہدایت میں بنی میوزیکل فلم 'ساجن' میں ان کی اداکاری کے نئے رنگ دیکھنے کو ملے۔اس فلم میں ڈائریکٹر نے انہیں ان کی ایکشن شبیہ سے ہٹ کر ایک نئے انداز میں پیش کیا اور اپنی بااثر اداکاری کی وجہ سے وہ اپنے فلمی کیریئر میں پہلی مرتبہ بہترین اداکار کے فلم فیئر ایوارڈ کے لیے نامزد ہوئے۔