پاکستان کے معروف کامیڈین اور اداکار عمر شریف نے ایک ٹیلی ویژن ٹاک شو میں پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کو ایک ویڈیو پیغام کے ذریعہ وزیر اعظم سے فوری طبی امداد فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔ اس درخواست کے بعد پاکستانی حکومت نے شریف کو طبی امداد پہنچانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
شریف نے اپنے ویڈیو پیغام میں حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ' مجھے میرے ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ بہتر علاج کے لیے مجھے بیرون ملک جانا پڑے گا۔ میں نے عمران خان کے شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کو بنانے میں ہر ممکن مدد کی ہے۔میرا وزیر اعظم عمران خان سے درخواست ہے کہ وہ میری مدد کریں'۔
ویڈیو میں بیمار نظر آرہے شریف نے کہا کہ ' ڈاکٹر نے مجھ سے کہا ہے کہ مجھے امریکہ میں بہتر علاج مل سکتا ہے، میں عمر شریف پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہنا چاہتا ہوں کہ جب بھی آپ کو ضرورت رہی ہے میں آپ کے لیے ہمیشہ موجود رہا ہوں، اس لیے مجھے یقین ہے کہ آپ بھی میرے لیے موجود رہیں گے'۔
اس ویڈیو پیغام کے بعد وزیراعظم پاکستان کے ترجمان شہباز گل نے شریف کی درخواست کا نوٹس لیا ہے۔