عظیم گلوکار نصرت فتح علی خان کی کمپوز کی گئی دُھنیں اور ان کی آواز آج بھی لوگوں کے کانوں میں رس گھول دیتی ہیں اور آج بھی ان کے مداحوں کی کمی نہیں ہے۔ کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے نصرت فتح علی خان کی پیدائش سنہ 1948 میں پاکستان کے شہر فیصل آباد میں ہوئی تھی۔
نصرت فتح علی خان نے قوالی کو مغربی انداز متعارف کرایا جس نے عوام کی خوب پذیرائی حاصل کی۔ عالمی سطح پر انہیں ورلڈ میوزک آرٹ اینڈ ڈانس فیسٹول سے شہرت ملی جس کے بعد ان کی آواز کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا۔
نصرت فتح علی خاں کی قوالیوں کے تقریباً 125 البمز ریلیز ہوئے جس سے ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج ہوا ہے۔
قوالی کو پوری دنیا میں ایک اہم اور خاص مقام اور شناخت بخشنے والے اس عظیم گلوکار کی آج 24ویں برسی ہے۔
ان کے والد کا نام فتح خان تھا اور وہ خود بھی نامور گلوکار اور قوال تھے۔
قوالی میں استاد نصرت فتح علی خان کا کوئی ثانی نہیں ہے اور اپنی منفرد سنگنگ سے انہوں نے پوری دنیا میں شہرت حاصل کی اور موجودہ دور کے گلوکار آج بھی انہیں اپنا استاد مانتے ہیں اور ان کی گائیکی کے گرویدہ ہیں۔
سنہ 2006 میں ٹائم میگزین نے ایشین ہیروز کی فہرست میں نصرت فتح علی خان کا نام شامل کیا تھا۔