ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر 3 اپریل کو پنچایت ویب سیریز کو ایمیزون پرائم پر ریلیز کیا گیا تھا، جسے صارفین کی جانب سے کافی اچھا ردعمل ملا۔ اس سیریز میں اداکار جیتیندر کمار، نینا گپتا، رگھوبیر پرساد یادو، فیضل ملک اور چندن رائے نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ اس ویب سیریز میں جہاں جیتیندر گاؤں پھولیرا کے پنچایت سکریٹری ابھیشیک ترپاٹھی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ وہیں چندن رائے نے گاؤں کے اسسٹنٹ وکاس کا کردار ادا کیا ہے۔ اس کردار کی اپنی ایک خاصیت ہے، چندن کی اداکاری کو لوگوں کی طرف سے خوب پسند کیا جارہا ہے۔ اسی سلسلے میں ای ٹی وی بھارت نے چندن سے خاص بات کی۔ پیش ہے انٹرویو کے چند اقتباسات
'پنچایت' میں اداکاری کرنے کا موقع کیسے حاصل ہوا؟
چندن رائے۔ میں روز آڈیشن کے لیے گھر سے نکلتا تھا۔ کاسٹنگ ایجنسی جا کر پوچھتا تھا کہ میرے لیے کوئی کردار ہے کیا؟ ایک دن میں آرام نگر میں روز کی طرح ایک کاسٹنگ ایجنسی کے دورازے کے باہر کھڑی قطار میں لگا ہوا تھا، تو وہاں ایک میرا دوست موجود تھا، اس نے وہاں دفتر میں پنچایت کی کاسٹنگ کی ٹیم سے میری ملاقات کروائی۔ تب وہاں میں نے الیکٹریشین کی کردار کے لیے میں نے آڈیشن دیا اور گھر آگیا۔ ایک دن رگھوبیر سر کے گھر پر بیٹھ کر بولا کہ میں نے پنچایت کے لیے آڈیشن دیا ہے۔ تب سر نے کاسٹنگ ٹیم سے کہا کہ میرا ایک طالب علم چندن نے آڈیشن دیا ہے تو وہ کیسا ہے۔ جب انہوں نے میرا آڈیشن دیکھا اور سوچا کہ الیکٹریشن کے کردار کے بجائے کچھ اور کیوں نہ نئی کوشش کی جائے۔ اگلے دن وکاس شکلا کے کردار کے لیے اسکرپٹ آئی اور میں تیار ہو کر گیا۔ آڈیشن کے اگلے ہی دن مجھے میٹنگ کے لیے بلایا گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پھر الیکٹریشین کا کردار سیریز کے ڈائریکٹر دیپک مشرا سر نے خود پلے کیا۔
'پنچایت' میں کام کرنے کا تجربہ کیسا رہا؟
چندن رائے ۔ میں ہمیشہ سیکھنے کا عادی رہا ہوں۔ میں کہیں بھی جاتا ہوں تو سوچتا ہوں کہ مجھے کچھ نہیں آتا بس سیکھنا ہے اور جب میں پنچایت کے سیٹ پر گیا تو وہاں سب لوگ کافی تجربہ کار لوگ تھے۔ پورے دن سب کو میں دیکھتا، سمجھتا اور سیکھتا تھا۔ اداکاری کے علاوہ وہ کیسا برتاؤ کرتے ہیں، کیسے بات چیت کرتے ہیں؟ یہ سب ایک اسکول جیسا تھا۔ جتنے میرے ساتھی اداکار تھے وہ سب میرے لیے بالکل ٹیچر جیسے تھے۔
آپ اصل میں وکاس جیسے ہیں یا اس سے علیحدہ؟
چندن رائے ۔ چندن اور وکاس میں زمین اور آسمان کا فرق ہے۔ وہ میرے لیے ایک کردار ہے جس کو میں نے ڈیولپ کیا ہے لیکن میں اس کے جیسا بالکل نہیں ہوں۔
وکاس کے کردار میں ڈھلنے کے لیے کیا کچھ تیاری کی؟
چندن رائے ۔ میرے لیے اسکرپٹ کسی مقدس کتاب سے کم نہیں تھی کیونکہ مجھے لگتا تھا کہ یہ میرے لیے ہتھیار ہے۔ میں اس کے ذریعہ ہی وکاس تک پہنچ پاؤں گا۔ جب ہماری شوٹنگ میں تاخیر ہوتی تھی تو میں اسکرپٹ پڑھ لیتا تھا کیونکہ جتنا وقت آپ اسکرپٹ کو دیں گے اتنا آپ کے کردار کو بنیادی مضبوطی ملے گی۔ میں نے بھی وکاس کی بنیاد کو مضبوط کرنے کے لیے خوب اچھے سے اسکرپٹ کو پڑھا اور ایک وقت ایسا آیا کہ میں نے رائٹر سر کو بولا کہ آپ نے پہلے مجھے دیکھا تب انہوں نے وکاس کے کردار کو لکھا۔