معاشی تنگی کی وجہ سے سروج خان نے تین برس کی عمر میں کام کرنا شروع کر دیا تھا، اور وہ پہلی بار چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر فلم نذرانہ میں نظر آئی تھیں۔
سروج خان جن کی تال پر ہر بڑے اسٹار نے رقص کیا سروج نے مشہور ڈانسر بی سوہن لال سے کتھک، منی پوری، کتھ کلی، بھرت ناٹیم وغیرہ کے لیے رقص کی تربیت لی اور 13 برس کی عمر میں انہوں نے 41 برس کے سوہن لال سے شادی کر لی، سوہن لال پہلے ہی شادی شدہ تھے اور چار بچوں کے باپ بھی تھے۔
شادی کے کچھ سال بعد ہی ان کے تعلقات میں تلخی پیدا ہونی شروع ہوگئی، بالآخر سوہن لال نے سروج خان کو ہمیشہ کے لیے چھوڑ دیا اور مدراس چلے گئے، اس کے بعد سروج نے سردار روشن خان سے دوبارہ شادی کی اور دونوں سے ایک بیٹی پیدا ہوئی۔
مادھوری دیکشیت اور سروج خان ان کی بیٹی فی الحال دبئی میں ڈانس اسکول چلاتی ہیں، روشن خان کا تعلق ایک مسلم خاندان سے ہے۔ بعد میں سروج خان نے بھی اسلام قبول کر لیا۔
سروج پہلے اسسٹنٹ کوریوگرافر تھیں، لیکن سنہ 1974 میں ریلیز ہونے والی فلم گیتا میرا نام سے وہ کوریوگرافر بن گئیں۔
سنہ 1986 میں بننے والی فلم نگینہ سروج کے لیے سنگ میل ثابت ہوئی، اس فلم میں سروج نے 'میں تیری دشمن گیت' پر سری دیوی کو ڈانس کرایا، جو زبردست ہٹ ثابت ہوا اور اس گانے کی وجہ سے سروج کو خوب شہرت ملی۔
سروج خان نے بہت سی مشہور فلموں جیسے فلم تیزاب، کھلنائک، مسٹر انڈیا، چالباز، نگینہ، چاندنی، ہم دل دے چکے صنم، دیوداس جیسے نغموں کے لیے کوریوگرافی کی۔
سروج خان بطور کوریو گرافر بالی ووڈ میں شاید ہی کوئی ایسا بڑا اسٹار بچا ہوگا جسے سروج خان نے ڈانس نہیں کرایا ہو، سب کو اپنی تال پر رقص کرانے والی سروج ملک بھر میں ڈانس ماسٹر کے نام سے مشہور ہو گئیں۔
انہوں نے بطور ہدایت کار ایک بھوجپوری فلم بھی کی۔
سروج خان کے ساتھ کرینہ کپور خان اس کے علاوہ سروج متعدد ریئلٹی شوز میں بطور جج نظر آئیں، جس میں نَچ بلیے، استادوں کے استاد، نچ لے ودِ سروج خان، بوگی ووگی جیسے نامی شوز شامل ہیں۔
سروج خان کو سنہ 2007 میں فلم 'جب وی میٹ' کے لیے بہترین کوریوگرافر نیشنل فلم ایوارڈ، فلم گرو کے لیے فلم فیئر ایوارڈ، سنہ 2002 میں دیوداس کے لیے فلم فیئر ایوارڈ اور نیشنل فلم ایوارڈ اور فلم 'لگان' کے لیے امریکن کوریوگرافی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
سروج خان نے آخری بار کرن جوہر کے پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے سنہ 2019 میں ریلیز ہوئی فلم کلنک میں 'تباہ ہو گئے' گانے کی کوریوگرافی کی تھی، اس گانے میں مادھوری دکشت نظر آئیں۔
چار دہائیوں کے طویل کیریئر میں سروج خان کو دو ہزار سے زیادہ گانوں کی کوریوگرافی کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ سروج کمال کی رقاصہ بھی تھیں۔