کیلیفورنیا: ایلون مسک نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹویٹر) کے ماہانہ صارفین کی تعداد نے تمام پرانے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ جمعہ کو اعداد و شمار کا انکشاف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ماہ 540 ملین سے زیادہ یومیہ صارفین ایکس کے پلیٹ فارم پر ہیں۔ یہ کسی بھی پرانی تعداد سے زیادہ ہے۔ مسک نے صارفین کے ڈیٹا کا گراف پوسٹ کرکے اس نمبر پر زور دیا۔ اس گراف میں اشارہ کیا گیا سب سے حالیہ نمبر 540 ملین سے اوپر ہے۔ مسک نے ایکس پر لکھا کہ ماہانہ صارفین 2023 میں ایک نئی بلندی پر پہنچ گئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ نمبر بڑی تعداد میں بوٹس کو ہٹانے کے بعد ہیں۔
صارفین کے ڈیٹا سے متعلق یہ جانکاری ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب مسک ایکس کی تنظیم میں بہت سی تبدیلیاں کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ مسک چاہتے ہیں کہ ایکس کی آمدنی میں اضافہ ہو، جس میں حالیہ مہینوں میں کمی درج کی گئی ہے۔ ان اعداد و شمار کے اعلان کی ایک وجہ میٹا پلیٹ فارم کی جانب سے رواں ماہ کے آغاز میں شروع کیے گئے 'تھریڈز' کو بھی مانا جاتا ہے۔ 'تھریڈز' ایکس کا براہ راست مقابلہ کرنے والا پلیٹ فارم بن گیا ہے جس نے لانچ ہونے کے چند ہی دنوں بعد ریکارڈ یوزرز بنا لیے ہیں۔ میٹا نے پانچ جولائی کو تھریڈز کا آغاز کیا۔ اس تناظر میں ایکس کے یوزر میں اضافے کے اعلان کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
اکتوبر میں مسک کے فرم کی خریداری سے پہلے دیے گئے ایک بیان کے مطابق، مئی 2022 میں ایکس (سابقہ ٹویٹر) کے 229 ملین ماہانہ فعال صارفین تھے۔ مسک نے نومبر میں پوسٹ کیا کہ X کے روزانہ 259.4 ملین فعال صارفین ہیں۔ کرسی سنبھالنے کے بعد سے، مسک نے تیزی سے مصنوعاتی اور تنظیمی تبدیلیاں کیں۔ ٹویٹر نے اس ہفتے اپنے قابل شناخت پرندے والے لوگو کو 'X' حرف سے تبدیل کر کے اپنی نئی علامت کے طور پر پیش کیا۔ ایلون مسک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو خریدنے کے بعد یہ تازہ ترین بڑی تبدیلی ہے۔