نئی دہلی: ایلون مسک نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ کمپنی کو مستحکم بنانے کے بعد اس سال کے آخر تک ٹویٹر کے سی ای او کے عہدے سے سبکدوش ہو سکتے ہیں۔ گذشتہ سال دسمبر میں ٹویٹر کے سی ای او کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے حوالے سے رائے شماری کرانے کے بعد مسک نے اس بارے میں کوئی بیان نہیں دیا تھا، تاہم گذشتہ روز انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم پر روزمرہ کے معاملات کو دیکھنے کے لیے ایک نیا سی ای او مقرر کرنے جا رہے ہیں۔
مسک نے دبئی میں ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں ویڈیو لنک کے ذریعے کہا کہ "مجھے کمپنی کو مستحکم کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ کمپنی کی مالی حالت بہتر ہوجائے۔ اس کے لیے پروڈکٹ روڈ میپ تیار کیا گیا ہے۔" مسک نے کہا کہ "میرا اندازہ ہے کہ کمپنی چلانے کے لیے کسی اور کو تلاش کرنے کا سب سے بہتر وقت سال کا آخر ہوگا،" مسک نے کہا کہ "میرے خیال سے اس سال کے آخر تک کمپنی مستحکم حالت میں ہوگی" انہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی کمپنی کا سی ای او نہیں بننا چاہتے تھے، چاہے وہ ٹیسلا ہو یا ٹوئٹر۔