ایک ایسے وقت میں جب پوری دُنیا کوِڈ19 سے جوجھ رہی ہے، اس سے متعلق کئی اہم سوالات ہنوز جواب طلب ہیں۔ اِن میں سے ایک اہم سوال یہ ہے کہ بین الاقوامی تعلقات اور جیو پولٹیکل رجحانات پر اس وبا کے کیا اثرات مرتب ہونگے؟ کیا اس مشترکہ دُشمن (وائرس) کے خلاف جاری لڑائی کے نتیجے میں بین الاقوامی سطح پر ماضی کے مقابلے میں زیادہ بہتر باہمی اشتراک دیکھنے کو ملے گا؟ اور کیا اس وبا کے نتیجے میں ایک نیا اور بہتر عالمی نظام قائم ہوجائے گا؟ لیکن بدقسمتی سے اِن سوالات کے جواب میں کہنا پڑتا ہے کہ صورتحال میں بہتر تبدیلی رونما ہونے کے امکانات کم ہی ہیں۔
اس بات کا امکان ہے کہ گزشتہ دہائی کے دوران جس طرح کے منفی جیو پولٹیکل رجحانات دیکھنے کو مل رہے ہیں، اُن میں مزید شدت پیدا ہوگی۔ دُنیا میں نیشنلزم کے پھیلاؤ اور ملکوں کی جانب سے خود کو ترجیح دینے کی پالیسیوں کی وجہ سے ویسے بھی بین الاقوامی سطح پر اشتراک کی کمی دیکھنے کو مل رہی تھی۔ مختلف ممالک کے درمیان پہلے ہی سرحدیں بند تھیں اور اب انہیں مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے۔ جبکہ مستقبل قریب میں ان کے کھلنے کا زیادہ امکان بھی نہیں ہے۔ اس کے نتیجے میں وہ مہاجر متاثر ہونگے، جو جنگ ذدہ خطوں اور پر تشدد حالات سے بھاگ کر یا پھر بہتر ذرائع معاش کی تلاش میں ترقی یافتہ ممالک میں پناہ لیتے ہیں۔
طاقتور ممالک کی جانب سے یکطرفہ اقدامات کی وجہ سے کثیر الجہتی عالمی تنظیمیں اور اقوام متحدہ جیسے بین الاقوامی ادارے بھی پہلے ہی کمزور ہوگئے تھے۔ اب جو صورتحال پیدا ہورہی ہے، اس کے نتیجے میں یہ عالمی تنظیمیں اور ادارے اپنا اثرو رسوخ مزید کھو دیں گے۔ اس ضمن میں کئی اہم واقعات پہلے ہی رونما ہوچکے ہیں۔ جیسے کہ امریکہ نے عالمی ادارہ صحت (ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن) کے فنڈز روک دیئے۔ اس نے ’پیرس کلامیٹ ایگریمنٹ‘ سے بھی علاحدگی اختیار کرلی۔ اسی طرح روس بین الاقوامی کرمنل کورٹ سے الگ ہوگیا۔ چین نے سال 2016ء میں ہی جنوبی چین کے سمندری خطے کے حوالے سے اقوام متحدہ کے ٹربیونل کورٹ کے ایک فیصلے کو ماننے سے انکار کردیا تھا۔ یہاں تک کہ اقتصادی لحاظ سے طاقتور ترین اتحاد یعنی یورپین یونین کے رُکن ممالک موجودہ حالات میں اٹلی کی مدد کرنے میں آنا کانی کرتے نظر آرہے ہیں۔
گزشتہ کئی سال سے یہ بحث چل رہی ہے کہ لبرل ازم کے حوالے سے بین الاقوامی تعلقات میں باہمی اشتراک کمزور پڑرہا ہے۔ جمہوری نظام، بین الاقوامی ادارے اور معاشی آزادی چند ایسی چیزیں ہیں، جو ایک پر امن دُنیا کے لئےضروری ہیں۔ لیکن یہ چیزیں پہلے ہی کمزور پڑرہی ہیں۔ عالمی نظام میں انتشار دیکھنے کو مل رہا ہے جبکہ انتشار کے اس پھیلاو میں بڑے ممالک ہی اپنا کردار ادا کرتے نظر آرہے ہیں۔ کسی عالمی اتھارٹی کی عدم موجودگی کی وجہ سے مختلف ممالک اپنی طاقت میں غیر معمولی اضافہ کرتے نظر آرہے ہیں۔
آج جب ہم دُنیا پر نظر ڈالتے ہیں اور کووِڈ19 کے بعد کی دُنیا کا اندازہ لگانے کی کوشش کرتے ہیں، تو ہمیں علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر طاقت آزامائی دیکھنے کو ملتی ہے۔ تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کی وجہ سے ایران اور عراق جیسے ممالک کی معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہونگے اور اس کے نتیجے میں اس خطے میں عدم استحکام پیدا ہوگا۔ نتیجے کے طور پر شدت پسندانہ رجحانات اور دہشت گردی میں اضافہ ہوگا۔ دوسری جانب وہ ممالک ، جن کا ہیلتھ انفراسٹکچر کمزور ہے، وہ وائرس کے اثرات سے خود کو بچانے سے قاصر نظر آرہے ہیں۔
دُنیا میں بڑی طاقتوں کی دُشمنیاں مزید گہری ہوتی نظر آرہی ہیں۔ اس ضمن میں امریکہ اور چین کے درمیان الفاظ کی جنگ شروع ہوچکی ہے۔ صدر ٹرمپ نے چین پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے وائرس کے بارے میں اطلاعات چھُپالی تھیں۔ ٹرمپ نے یہ دھمکی بھی دی ہے کہ اگر یہ ثابت ہوا کہ چین نے اس وبا کے پھیلاو میں جان بوجھ کر غلطی کی ہے تو اسے اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ دوسری جانب چین نے وسیع پیمانے پر پروپگنڈا مہم شروع کردی ہے کہ اس نے وبا کو قابو کرلیا ہے۔ اب وہ یورپ، افریقہ اور ایشائی ممالک کو طبی خدمات بہم پہنچا کر خود کو ایک مضبوط ملک کی حیثیت سے پیش کرنے کی کوشش کررہا ہے۔