واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ امریکہ نے جنوبی ایشیائی القاعدہ اور پاکستانی طالبان رہنماؤں کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے افغانستان میں خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے کارروائی کا عزم ظاہر کیا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق دہشت گرد قرار دیے گئے عسکریت پسندوں میں القاعدہ برصغیر پاک و ہند جو جہادی نیٹ ورک کی ایک علاقائی شاخ ہے کے چار رہنما شامل ہیں جس میں تنظیم کا امیر اسامہ محمود بھی شامل ہے۔US declared TTP Militants as Global Terrorists
امریکہ نے پاکستانی طالبان کے سینئر رہنما مفتی حضرت ڈیروجی جو قاری امجد کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کو بھی دہشت گرد قرار دیا ہے جب کہ تنظیم کی جانب سے 15 سال سے جاری پر تشدد کارروائیوں میں گزشتہ سال پڑوسی ملک افغانستان میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد تیزی آگئی ہے۔
امریکی حکام نے کہا ہے کہ مفتی حضرت ڈیروجی خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کی کارروائیوں کا نگران تھا جو کہ ملک میں سب سے زیادہ دہشت گردی کا شکار دو صوبوں میں سے ایک ہے۔
سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ان افراد کو دہشت گرد قرار دینا ہماری انتھک کوششوں کا حصہ ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ دہشت گرد افغانستان کو عالمی دہشت گردی کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر استعمال نہ کرسکیں۔
انٹونی بلنکن نے کہا ہم اپنے اس عزم کو برقرار اور جاری رکھنے کے لیے تمام متعلقہ وسائل کا استعمال کریں گے کہ عالمی دہشت گرد افغانستان میں سزا کے بغیر کام کرنے کے قابل نہ ہوں۔
اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ اینڈ ٹریژری ڈپارٹمنٹ نے ان چاروں ملزمان کو ’اسپیشلی ڈیزگنیٹڈ گلوبل ٹیررسٹ‘ کے طور پر فہرست میں شامل کرلیا، اس نامزدگی کے بعد امریکہ میں ان ملزمان کے ساتھ کسی قسم کا لین دین کرنا جرم بن گیا اور ملک میں موجود ان کے اثاثے منجمد کردیے جائیں گے۔