اقوام متحدہ: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بدھ کے روز اسرائیل-حماس جنگ شروع ہونے کے بعد اپنی پہلی قرارداد منظور کی ہے۔ قرارداد میں اسرائیل کے فضائی اور زمینی حملوں کے دوران فلسطینی شہریوں کے بڑھتے ہوئے بحران سے نمٹنے کے لیے غزہ میں "فوری اور وسیع انسانی توقف" کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
15 رکنی کونسل میں ووٹنگ 0-12 تھی۔ امریکہ، برطانیہ اور روس نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ قرارداد میں حماس کے اسرائیل پر 7 اکتوبر کا ذکر نہیں ہونے سے امریکہ اور برطانیہ نے قرارداد سے دوری بنالی۔ جبکہ روس نے انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ کرنے میں ناکامی کی وجہ سے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ حتمی مسودے میں انسانی ہمدردی کے وقفوں اور حماس اور دیگر گروہوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے تمام یرغمالیوں کی فوری اور غیر مشروط رہائی پر زور دیا گیا ہے۔ قرارداد کی سرپرستی مالٹا نے کی تھی۔ کم ازکم یہ قرارداد ان سنگین اختلافات پر قابو پانے میں کامیاب رہی جس نے کونسل کو سابقہ چار قراردادوں کو منظور کرنے سے روک دیا تھا۔