کیف: یوکرین نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران ساختہ ڈرون کامیکاز سے یوکرین کے دارالحکومت کیف کے اطراف کے علاقوں پر حملہ کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد امدادی کارکنوں کو جائے وقوعہ پر بھیج دیا گیا ہے۔ کریمیا پل پر دھماکے کے بعد روس یوکرین پر بڑے پیمانے پر مہلک حملہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ کیف کے علاقائی گورنر اولیکسی کولیبا نے کہا کہ ایرانی ڈرون سے حملہ دارالحکومت کے قرب و جوار میں ہوا لیکن ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ اس حملے میں کوئی جانی نقصان ہوا ہے یا نہیں۔
یوکرین کے صدارتی دفتر کے نائب سربراہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹیلی گرام پر کہا کہ علاقے میں اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ تاہم انہوں نے کوئی تفصیلی معلومات نہیں دیں۔
وہیں یوکرین کی فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے روس کے زیر قبضہ علاقوں میں سے کچھ کو واپس لے لیا ہے۔ روس نے پیر کے روز کیف کافی زیادہ میزائل داغا تھا جس کی وجہ سے کم از کم 19 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ اس حملے کو دیکھتے ہوئے مغربی رہنماؤں نے اس ہفتے یوکرین کو فضائی دفاعی نظام اور ہتھیاروں سمیت مزید فوجی امداد بھیجنے کا وعدہ کیا ہے۔