کیف: غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرین نے روس کا ساتھ دینے پر ایران پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں جس کی منظوری کیف کی پارلیمنٹ نے دے دی ہے۔ کیف کا کہنا ہے کہ یوکرین پر حملے سے لے کر تاحال ایران روس کو ہتھیار فراہم کر رہا ہے۔ یوکرین کی جانب سے عائد کی گئی ان پابندیوں میں ایران کے ساتھ ’فوجی اور دُہرے استعمال کی اشیا‘ کے علاوہ ’مالی اور اقتصادی‘ معاملات کو معطل کیا جانا بھی شامل ہے۔ اس قرارداد کو حتمی قانون بننے کے لیے صدر زیلنسکی کے دستخط درکار ہیں جو ایک رسمی کارروائی ہے کیونکہ یہ بل انہی کی جانب سے جمع کروایا گیا ہے۔
اس حوالے سے یوکرین کی پارلیمنٹ کی ویب سائٹ پر بتایا گیا ہے کہ ایران پر پابندیوں کی قرارداد مہذب دنیا کے ان اقدامات سے ہم آہنگ ہے جو ایران کو مکمل تنہائی کے سفر کی جانب لے جا رہے ہیں۔ یہ اقدام یوکرینی حکام کی جانب سے اس بیان کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ روس حملے کے آغاز سے کیف کے خلاف ایرانی ساختہ ’شاہد ڈرونز‘ استعمال کرتا آ رہا ہے۔