لندن: برطانوی وزیر اعظم رشی سنک نے جمعرات کو شمال مغربی انگلینڈ میں چلتی کار کے دوران مختصر وقت کے لیے اپنی سیٹ بیلٹ اتارنے پر معذرت کرلی ہے۔ وزیر اعظم کے ترجمان نے کہا کہ سنک نے صرف مختصر وقت کے لیے اپنی سیٹ بیلٹ کھولی تھی لیکن انھوں نے تسلیم کیا کہ ان سے غلطی ہوئی ہے اس لیے وہ معذرت خواہ ہیں۔ برطانوی قانون کے مطابق ڈرائیوروں اور مسافروں کو گاڑی کے چلنے کے دوران سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر 500 پاؤنڈ تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس میں ایمرجنسی سروس ورکرز سمیت کچھ محدود استثنیٰ بھی شامل ہے۔
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا سنک کو سرکاری گاڑی میں سوار ہونے کے دوران کوئی چھوٹ حاصل تھی، ترجمان نے صحافیوں کو بتایا، یہ ایک غلطی تھی اور انہوں نے معافی مانگ لی ہے۔ ڈاؤننگ اسٹریٹ کے ترجمان نے کہا کہ سنک – جسے پہلے پولیس نے کورونا وائرس کے قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا تھا، مکمل طور پر قبول کرتے ہیں کہ یہ ایک غلطی تھی اور معذرت خواہ ہیں۔