استنبول:ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان نے عالمی اقتصادی کساد بازاری کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر اسلامی ممالک کے درمیان مضبوط تجارتی اور اقتصادی تعاون پر زور دیا ہے۔ ترکیہ کہ سرکاری انادولو نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اردوغان نے پیر کو استنبول میں اسلامی تعاون تنظیم کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی اور تجارتی تعاون کے 38ویں وزارتی اجلاس کی افتتاحی تقریر میں کہا کہ عالمی معاشی بحران ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ Global Economic Crisis
انھوں نے کہا کہ دنیا بھر میں عالمی کساد بازاری کے خدشات بڑھ رہے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سرنگ کے آخر میں روشنی ابھی تک نظر نہیں آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں اسلامی ممالک کے طور پر ہمارے تجارتی اور اقتصادی تعاون کو آگے بڑھانا اس بحران کو ایک موقع میں تبدیل کرنے کا سنہری موقع ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس کے ایجنڈے میں ٹرانسپورٹ اور مواصلات کو بہتر بنانا، پائیدار اور مسابقتی سیاحت کے شعبوں کی ترقی، غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے زرعی پیداوار میں اضافہ اور ڈیجیٹل تبدیلی پر تعاون شامل ہے۔