انقرہ: ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ سلامتی کونسل میں اصلاحات کی جائیں اور ایک شفاف اور موثر سلامتی کونسل کا قیام عمل میں لایا جائے جو کہ تمام رکن ممالک کے لیے مساوی حقوق کی علمبرار بنے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات کرنے کی تجویز کا اعادہ کیا ہے۔ صدر ایردوان نے اس ضمن میں چوبیس اکتوبر یوم اقوام متحدہ اور اس کے 77 ویں یوم تاسیس کی مناسبت سے ایک پیغام جاری کیا۔
ترکی میڈیا کے مطابق صدر نے کہا کہ ترکی کا شمار عالمی سطح پر امن و سلامتی،حقوق انسانی اور ترقیاتی شعبوں میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کرنے والے ممالک میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے عام بجٹ میں سب سے زیادہ معاونت کرنے والے بیس ممالک میں ترکی بھی شامل ہے جس کے علاوہ استنبول میں اقوام متحدہ سے متعلقہ مختلف ذیلی اداروں اور ایجنسیوں کے علاقائی دفاتر بھی موجود ہیں، سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرش کے ساتھ تعاون کے نتیجے میں یوکرینی اناج کو دنیا تک پہنچانے کا فریضہ بھی احسن طریقے سے ہم ادا کرر رہے ہیں، استنبول معاہدے کے نتیجے میں اب تک 8 ملین ٹن اناج اور دیگر مصنوعات کی برآمدات کی گئی ہیں جس کی بحفاظت ترسیل کیلیے سفارتی کوششوں کو سلسلہ جاری ہے۔