اسلام آباد: پاکستان میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے پیر کے روز حکومت کے ساتھ جون میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے اور اپنے کارکنوں کو ملک بھر میں حملے کرنے کا حکم بھی دے دیا ہے۔ پاکستانی اخبار ڈان کے مطابق، ٹی ٹی پی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جون میں حکومت کے ساتھ طے شدہ جنگ بندی کو ختم کر دیا گیا ہے، چونکہ مختلف علاقوں میں مجاہدین کے خلاف فوجی آپریشنز جاری ہیں اس لیے آپ کے لیے یہ ضروری ہے کہ آپ پورے ملک میں جہاں بھی ہو سکے حملے کریں۔TTP Ends Ceasefire With Govt
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ فوجی تنظیموں کی جانب سے بنوں کے ضلع لکی مروت میں نہ رکنے والے حملوں کا ایک سلسلہ شروع کیے جانے کے بعد لیا گیا۔ پاکستان کے عوام کو مخاطب کرکے ٹی ٹی پی نے کہا کہ ہم نے متعدد دفعہ آپ کو خبردار کیا اور مسلسل صبر سے کام لیا تاکہ مذاکراتی عمل کم از کم ہماری طرف سے سبوتاژ نہ ہو، لیکن فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیاں باز نہیں آئیں اور حملوں کو جاری رکھا، اب ہمارے جوابی حملے بھی پورے ملک میں شروع ہوں گے۔