امریکہ: کیلیفورنیا کے لاس اینجلس میں چینی سال نو کے جشن کے دوران فائرنگ سے کم از کم 10 افراد ہلاک اور دس دیگر افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق لاس اینجلس کے قریب مونٹیری پارک میں چینی سال نو کے تہوار کے دوران بڑے پیمانے پر فائرنگ کی گئی۔ پولیس فی الحال پورے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ پولیس کے مطابق اس تقریب میں دس ہزار سے زائد افراد شریک تھے۔
لاس اینجلس کاؤنٹی شیرف کے کیپٹن اینڈریو میئر نے کہا کہ افسران جائے وقوعہ پر پہنچے اور متاثرین کو تلاش کیا۔ فائرنگ کے واقعے میں 10 افراد ہلاک اور زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ کیپٹن اینڈریو میئر نے بتایا کہ مشتبہ شخص موقع سے فرار ہو گیا اور اس کی تلاش کی جا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فائرنگ گزشتہ رات 10 بجے چینی نئے سال کے موقع پر مونٹیری پارک میں ہوئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کے وقت میوزک کا ساونڈ اتنا زیادہ تھا کہ کافی دیر تک لوگوں کو یہ سمجھ میں ہی نہیں آ سکا کہ یہ آتش بازی ہے یا فائرنگ۔ کچھ دیر بعد زخمیوں کو بھاگتے دیکھا گیا تو حقیقت سامنے آئی۔ پولیس کے مطابق واقعے کے وقت ہزاروں افراد وہاں موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: California Home Shooting کیلیفورنیا میں فائرنگ، چھ مہینے کے بچے سمیت چھ افراد ہلاک
واضح رہے کہ اس سے قبل پیر کو بھی کیلیفورنیا کے گوشین میں ایک گھر میں فائرنگ ہوئی تھی۔ جس میں 17 سالہ ماں اور چھ ماہ کے بچے سمیت چھ افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ پولیس نے اسے ٹارگٹ کلنگ قرار دیا تھا۔ مونٹیری پارک تقریباً 60,000 لوگوں کا شہر ہے جس کی بڑی ایشیائی آبادی ہے جو لاس اینجلس کے مرکز سے تقریباً 16 کلومیٹر (10 میل) دور ہے۔